قائد اعظم نڈر،بے باک، مخلص اور باکردار لیڈرتھے جنہیں کوئی لالچ اور خوف اپنے مقصد سے ہٹانہ سکا‘ شہباز شریف

بدھ 24 دسمبر 2014 17:08

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے راہنما اصول جہد مسلسل، محنت ،امانت او ردیانت کو اپنا کر پاکستان کو مثالی فلاحی ریاست اور بین الاقوامی برادری میں باوقارمقام دلایا جا سکتا ہے، ہر قسم کی فرقہ واریت، لسانی تضادات اور مذہبی منافرت سے دور رہ کر ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ کر کے اسے ترقی یافتہ اورخوشحال ملک بنایا جاسکتاہے،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک سے دہشت گردی سمیت تمام بحرانوں کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے اور اس مقصد کیلئے موثراقدامات کئے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے قائداعظم کے 138 ویں یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیادت میں تاریخی جدوجہد کے نتیجہ میں ہمیں ایک آزاد ملک پاکستان نصیب ہوا جہاں ہم آزاد قوم کی حیثیت سے آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاشبہ قائد اعظم ایک نڈر،بے باک، مخلص اور باکردار لیڈرتھے جنہیں کوئی لالچ اور خوف اپنے مقصد سے ہٹانہ سکا، قائداعظم کی قیادت میں عظیم جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں ایک الگ وطن تو ملا لیکن بدقسمتی سے 68 سال گزرنے کے باوجود ہم آج بھی منزل سے بہت دور ہیں۔

قائداعظم ایسی عظیم شخصیت ہیں جن کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو تمام بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو محفوظ اورکامیاب زندگی گزارنے کیلئے ایک علیحدہ اور منفرد ملک کا تحفہ دیا لیکن بدقسمتی سے آج وطن عزیزدہشت گردی اور انتہاء پسندی جیسے سنگین مسائل سے دوچارہے۔ دہشت گردی کی آگ نے ملک کو لپیٹ میں لے رکھاہے،40ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں جن میں پاک افواج ، پولیس کے افسران و جوان، انکے بچے اور عام شہری بھی شامل ہیں اب ملک کو دہشت گردی سے مکمل طو رپر پاک کرنے کا وقت آگیا ہے۔

پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرناہے اور دہشت گردوں کو شکست دیناہے۔پاک افواج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردوں سے برسرپیکار ہیں، انشاء الله دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے اور وطن عزیز کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے دم لیں گے۔ ا نہوں نے کہاکہ آج کے دن ہمیں پاکستان کے تابناک مستقبل کے لئے قائد اعظم کے فرمودات کو اپناتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا نے کے عہد کی تجدید کرنا ہوگی۔

بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے قائد اعظم کے فرمودات اور افکار کی روشنی میں لائحہ عمل ترتیب دے کر آگے بڑھناہوگا اوریہی واحد راستہ ہے جو ملک کو تمام بحرانوں سے نکال کر ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کرپشن ، غربت، بیروزگاری ، لوڈ شیڈنگ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا کر ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :