وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

بدھ 24 دسمبر 2014 17:08

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیرو ترقی، ملک کے استحکام، تعلیم اورصحت عامہ کے فروغ کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کی تعمیر وترقی اور سماجی شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار لائق تحسین ہے،بلاشبہ ملک کی ترقی کے حوالے سے مسیحی برادری کی قابل ستائش خدمات ان کی حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب امن اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات میں اس پر خاص طو رپر زور دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، ان کے جان ومال کا تحفظ، مذہبی آزادی اور انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت نے اس ضمن میں ٹھوس اور جامع حکمت عملی اپنائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے بلا تفریق یکساں مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسیحی برادری جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے محنت اورجذبے سے کام کر رہی ہے ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہمیں اقلیت اوراکثریت کی بحث میں پڑنے کی بجائے متحد ہو کر ملک کی ترقی ، استحکام اور بقا کیلئے کام کرنا ہوگا۔