سکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے دوستانہ ماحول بنایا جائیگا‘ ڈی سی اوخانیوال

بدھ 24 دسمبر 2014 12:48

خانیوال( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) ڈی سی او محمد اشفاق چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع خانیوال میں سکول نہ جانیوالے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے دوستانہ ماحول اور دلکش تعلیمی سرگرمیوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا تاکہ خواندگی میں اضافہ کرکے نوجوان نسل کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکے ۔یہ بات انہوں نے یونیسیف کے تعاون ‘محکمہ تعلیم اور محکمہ این سی ایچ ڈی کے اشتراک سے ضلع خانیوال میں بنائے جانیوالے 100سکولوں کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جو ان کی صدارت میں ہوا جس میں ڈی پی آئی پنجاب ریاض احمد گورایہ ‘ڈسٹرکٹ جنرل منیجر نورین زہرہ ‘ای ڈی ا وتعلیم شاہد محمود‘ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ میاں عبدالغفور‘ماہر تعلیم علی رضا بخاری ‘ڈسٹرکٹ منیجر پروگرام احمد عظیم پراچہ سمیت محکمہ تعلیم کے افسران ‘نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے دس اضلاع میں یونیسیف اور این سی ایچ ڈی کے تعاون سے سکول نہ جانیوالے بچوں کیلئے دس ہزارسکول کھولے گئے ہیں جن میں ایک لاکھ سکول نہ جانیوالے بچوں کو تعلیم سے بہراور کیا جائیگااب تک پنجاب بھر میں 53000بچوں کو داخل کرایا گیا ہے ضلع خانیوال میں کھولے جانیوالے 100سکولوں میں اب تک 4269طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں ۔

ڈی پی آئی سکول پنجاب ریاض احمد گورایہ نے بتایا کہ پنجاب بھر میں ان دس اضلاع میں 500مزید سکول کھولے جائیں گے جس میں ہر ضلع میں پچاس سکولوں کا اضافہ ہو گا ۔ڈسٹرکٹ جنرل منیجر این سی ایچ ڈی نورین زہرہ نے پروجیکٹ کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ ماہر تعلیم علی رضا بخاری نے ڈسرکٹ ورکنگ گروپ کے حوالے سے نیشنل چا ئلڈ پراجیکٹ کی بابت تفصیلی معلومات فراہم کیں۔صدر اجلاس نے شرکاء اجلاس پر زور دیا کہ وہ پراجیکٹ کو کامیاب بنانے کیلئے کوالٹی آف ایجوکیشن کو بڑھانے کی طرف خصوصی توجہ دیں۔

متعلقہ عنوان :