متحدہ نے فوجی عدالتوں کے قیام کی مخالفت کردی

بدھ 24 دسمبر 2014 11:03

متحدہ نے فوجی عدالتوں کے قیام کی مخالفت کردی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ نے کہا ہے کہ ایم کیوایم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام کی کسی بھی قیمت پر حمایت نہیں کرے گی، اس سے بہتر ہے کہ ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کراچی ، لندن اور اسلام آباد میں موجود ایم کیوایم کے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی کا ایک مشترکہ ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام تر ریاستی وسائل استعمال کئے جائیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام کی کسی بھی قیمت پر حمایت نہیں کرے گی۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اگر سول حکومت دہشت گردی سے نمٹنے سے قاصر ہے تووہ اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے اقتدار چھوڑ دے، فوجی عدالتیں قائم کرنے سے بہترہے کہ پورے ملک میں مارشل لاء نافذ کر دیاجائے۔