ریونیو افسران و اہلکاروں کو سمجھنا چاہئے ادارے وسائل کے بغیر نہیں چلتے،ایڈمنسٹریٹر کراچی،

وسائل لانا ریونیو محکمہ کی ذمہ داری ہے جو افسران و اہلکار اس میں دانستہ کوتاہی کریں ان کے خلاف نیب میں مقدمات بھیجنے چاہئے ،رؤف اختر فاروقی

منگل 23 دسمبر 2014 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ ریونیو پر تعینات افسران و اہلکاروں کو سمجھنا چاہئے کہ ادارے وسائل کے بغیر نہیں چلتے اور وسائل لانا ریونیو کے محکموں کی ذمہ داری ہے جو افسران و اہلکار اس میں دانستہ کوتاہی کریں گے ان کے خلاف نیب میں مقدمات بھیجنے چاہئے جو بھی افسران و اہلکار احکامات دانستہ نہیں مانیں گے ان کو ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا خواہ وہ بعد میں عدالت سے بحال ہی کیوں نہ ہوجائیں لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کوشہر کی بہتری اور ادارے کی مضبوطی اور استحکام کے لئے کام کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سوک سینٹر کے کمیٹی روم میں محکمہ فوڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سینئر ڈائریکٹر مختار حسین نے محکمے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگست 2014ء کو یہ محکمہ قائم ہوا گزشتہ 3 ماہ کے دوران 4کروڑ کے چالان جاری کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق شہر میں 5 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروبار ہیں جہاں کھانے پینے کی اشیاء تیار یافروخت ہوتی ہیں، محکمہ کو کچھ مسائل کا سامنا ہے جن میں تجربہ گاہ کی ازسر نو تعمیر اور لیبارٹریز انچارج کی تعیناتی و غیرہ شامل ہیں انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے درخواست کی کہ واپس لئے جانے والے ٹریڈ لائسنس کے عملے کو دوبارہ محکمہ میں تعینات کیا جائے جبکہ سابق ٹریڈ لائسنس عملے کو بھی واپس کیا جائے جو اب ہمارے پاس نہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ا س موقع پر ہدایت کی کہ لیبارٹری کو ایک معیاری اور جدید لیبارٹری بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور لیبارٹری ٹیکنیشن کا میڈیکل ڈپارٹمنٹ سے فوری طور پر تبادلہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ ٹریڈ لائسنس اسٹاف کو فوری طور پر فوڈ اینڈکوالٹی کنٹرول ڈپارٹمنٹ میں تبادلہ کردیا جائے، انہو ں نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اس کا ہر لحاظ سے بڑا معیار تھا جس کو دوبارہ بحال کرنا ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معیار کو بحال کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ فوڈ کوالٹی کنٹرول کے قیام کا مقصد ریونیو سے زیادہ شہریوں کی صحت کا مسئلہ ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو کھانے پینے کی معیاری اشیاء فراہم کرے، انہوں نے کہا کہ ایسی رپورٹس آرہی ہیں کہ بلدیہ کے بعض اہلکار احکامات نہیں مان رہے اورپرانی روش پر ہی ہیں ان کو ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا، ایڈمنسٹر یٹر کراچی نے کہا کہ سرکاری ریکوری میں غفلت بہت ہی بڑا جرم ہے اور اگر اس پر مقدمہ قائم ہوگیا تو اس سے جان چھڑانا مشکل ہوجائے گا لہٰذا ملازمین سے کہا جارہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں محکموں کو جو ہدف دیا گیا ہے اس کو پورا کرنے کے لئے حتیٰ الامکان کوشش کریں۔

متعلقہ عنوان :