پشاور میں معصوم بچوں کے ساتھ جو کچھ ہوا حیوان بھی اس کا تصور نہیں کر سکتے، جھگڑا ،

واقعے پر انسانیت بھی شرما کر رہ گئی ، دنیا بھر میں اس پر افسوس کا اظہار کیا گیا، رہنما ن لیگ

منگل 23 دسمبر 2014 23:17

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ پشاور میں معصوم بچوں کے ساتھ جو کچھ ہوا حیوان بھی اس کا تصور نہیں کر سکتے۔ انھوں نے کہا کہ پشاور کے واقعے پر انسانیت بھی شرما کر رہ گئی ۔ دنیا بھر میں اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ اقبال ظفر جھگڑا نے ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹریٹ میں سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں قرآن خوانی اور شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے بچوں پاک فوج کے جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ اللہ نے چاہا تو پاکستان دنیا میں امن کی دھرتی بن کر ابھرے گا ۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ بات مذمت سے کہیں آگے نکل چکی ، ہمیں انسانی روپ میں بھیڑیوں اور درندوں کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

دھشت گردی ، دہشت گردوں اور دہشت گردی کی وجوہات کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا کر ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہوگا ۔

انھوں نے کہا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو یکجا کر دیا ۔ ہمیں تمام تر علاقائی ، لسانی اور مذہبی اختلافات اور تعصبات کو بالائے طاق رکھ کر انسانیت اور انسانیت کے فروغ کے لئے اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد ملک کی تمام سیاسی جماعتیں و عسکری قیادت متحد ہوکر دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے سینہ سپر ہوچکی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیاں کسی سیاسی یا مذہبی جماعت یا فرقے کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف ہیں ۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے ۔ تاکہ ملک اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کر سکے ۔ ہمیں دشمن کی ہرچال کو سمجھنا اور ہر وار کا مقابلہ کرنا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھا اور مذہبی و سیاسی گروہی اختلافات کو بھلا کر مل کر دشمن کے خلاف صف آراء رہے تو دنیا کی کوئی طاقت اور کوئی سازش ہمار ا بال تک بیکا نہیں سکے گی ۔

اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور ہر طرح کی نعمتوں سے مالا مال ہے ۔ ضرورت ہے تو سچے جذبے اور خلوص ِنیت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھنے کی ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک کے لئے ہر لمحہ کمر بستہ رہنے کا عزم کرنا ہوگامسلم لیگ ن کے ترجمان عاصم خان نے کہا کہ کوئی مسلمان معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل نہیں کر سکتا کلمہ بھی پڑھتے ہیں اور قتل بھی کر تے ہیں اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے حکومت شہدا کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے ۔