کبڈی کی بین الاقوامی تنظیم نے ہندوستان کو عالمی چیمپئن تسلیم کرنے سے انکار کردیا،قوانین کے مطابق اس طرح کے مقابلوں میں نیوٹرل امپائر استعمال ہوتے ہیں تاہم انہیں یہاں استعمال نہیں کیا گیا،یہ ٹورنامنٹ ہندوستان میں منعقد ہوا، متعدد ٹیموں نے حصہ لیا تاہم اسے ورلڈ کپ قرار نہیں دیا جاسکتا،سی ای اوانٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن

منگل 23 دسمبر 2014 21:38

کبڈی کی بین الاقوامی تنظیم نے ہندوستان کو عالمی چیمپئن تسلیم کرنے سے ..

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء ) کبڈی کی بین الاقوامی تنظیم نے ہندوستان کو عالمی چیمپئن تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ہفتے کو کھیلا جانے والا فائنل میچ امپائز کے ہندوستان کے حق میں بعض فیصلوں کی وجہ سے متنازع ہو گیا تھا۔فائنل مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی میچ کے دوران چھائے رہے تاہم امپائرز کے کچھ متنازع فیصلوں کی وجہ سے چوتھے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے جیسے ہی سبقت حاصل کی تو امپائز نے میچ وہیں ختم کر دیا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان احمدشفیق چشتی نے میچ کے بعد الزام عائد کیا کہ ان کے ساتھ اس میچ انتظامیہ اور ریفری نے ناانصافی کی اور دھمکیاں دیں۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اگر ہندوستان ورلڈ کپ منعقد کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ یہ کپ اپنے ہی ملک میں رکھ کر بیٹھ جائے۔

(جاری ہے)

پاکستانی کپتان نے دھمکی دی کہ اگر ہندوستان نے انصافیوں کا یہ سلسلہ برقرار رکھا تو پاکستانی ٹیم آئندہ اس ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔

انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے سی ای او دیوراج چترویدی نے کہا کہ قوانین کے مطابق اس طرح کے مقابلوں میں نیوٹرل امپائر استعمال ہوتے ہیں تاہم انہیں یہاں استعمال نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ہندوستان میں منعقد ہوا اور اس میں متعدد ٹیموں نے حصہ لیا تاہم اسے ورلڈ کپ قرار نہیں دیا جاسکتا۔عالمی تنظیم کے رہنما نے ہندوستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ کو بھی غیرقانونی قرار دیا اور کہا کہ ٹورنامنٹ قوانین کے خلاف ورزی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :