ورلڈ کپ میں بھارتی ایمپائروں کے غلط فیصلوں نے کبڈی کو بہت نقصان پہنچایا‘ مدیحہ لطیف، نیلم ریاض،

بھارتی آفیشلز کا پاکستانی کھلاڑیوں سے رویہ انتہائی ناروا تھا، اس کے باوجود ہماری ٹیم کی کارکردگی سب سے بہتر رہی‘ کپتان قومی ٹیم، پاکستانی کھلاڑیوں کو ہر طرح سے ذہنی کوفت پہنچائی گئی، ہمارے میچ مسلسل 3دن روز رکھے جس کی وجہ سے ہم تیسرا میچ ہار گئے‘ سینئر کھلاڑی نیلم ریاض کا انٹرویو

منگل 23 دسمبر 2014 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) خواتین کی قومی کبڈی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف اور سینئر کھلاڑی نیلم ریاض نے کہا ہے کبڈی ورلڈ کپ 2014ء میں بھارتی ایمپائروں کے غلط فیصلوں سے کبڈی کے کھیل کو بہت نقصان پہنچا ہے، بھارتی آفیشلز نے یہ رویہ صرف پاکستان کے ساتھ روا رکھا، پاکستانی کھلاڑیوں کو ذہنی کوفت پہنچانے کی کوئی بھی کسر نہ چھوڑی گئی، ہمارے میچز تین دن مسلسل رکھے گئے جس کی وجہ سے ہم تیسرا میچ ہار گئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر سپورٹس بورڈ پنجاب میں میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ مدیحہ لطیف نے کہا کہ بھارت نے فیصلہ کر رکھا تھا کہ ورلڈ کپ بھارت میں ہی رہے گا اس کو باہر نہیں جانے دینا۔ جب اس نے فیصلہ کر رکھا تھا تو پھر ورلڈ کپ کرانے کا کیا فائدہ؟، ویسے ہی کپ اپنے پاس رکھ لیتا، بھارتی آفیشلز کا پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ رویہ انتہائی ناروا تھا، ہم نے ورلڈ کپ کیلئے بھرپور تیاری کی مگر بھارت نے ہمارے لئے رکاوٹیں کھڑی کیں اس کے باوجود ہماری ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مدیحہ لطیف نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کبڈی کے کھیل کو نئی زندگی دی ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کبڈی ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ میں ہمیں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کیں یہی وجہ ہے کہ ہماری کارکردگی دنیا کی سب ٹیموں سے بہتر رہی۔

(جاری ہے)

سینئر کھلاڑی نیلم ریاض نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ 2014ء میں بھارتی ایمپائروں نے غلط فیصلے کئے جس کی وجہ سے کبڈی کے کھیل کو بہت نقصان پہنچا ہے، خاص طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کو ذہنی کوفت پہنچانے میں بھارتی آفیشلز نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، یہی وجہ ہے کہ ورلڈ کپ میں ہمارے تین میچ مسلسل رکھے گئے اس کے علاوہ کسی اور ٹیم کے مسلسل تین میچ نہیں رکھے گئے، ہماری ٹیم مسلسل میچ کھیل کر تھک گئی اور ہم پول میں اپنا تیسرا میچ ہار گئے، نیلم ریاض نے کہا کہ بھارت کی انتظامیہ بہت شاطر ہے بھارتی کھلاڑیوں نے ایک مخصوص قسم کی بام استعمال کی جو کہ نظر نہیں آتی تھی مگر ہاتھ پھسل جاتا تھا، بھارت نے سازشوں کے ذریعے کبڈی ورلڈ کپ جیتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کبڈی کو غیر متنازع رکھنا ہے تو آئندہ کبڈی ورلڈ کپ بھارت سے باہر کسی نیوٹرل مقام پر منعقد کرایا جائے۔

متعلقہ عنوان :