تمام قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے تیار ہونا ہوگا ،محمد زبیر دریشک،

سانحہ پشاور جیسے کسی بھی دوسرے واقعہ سے بچاؤ کے لیے تمام ممکنہ حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں، ڈی پی او حافظ آباد

منگل 23 دسمبر 2014 20:19

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک نے کہا ہے کہ تمام قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے تیار ہونا ہوگا اور موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ہم میں سے ہر ایک کو اپنا فرض قومی جذبے اور خدمت کے احساس کے ساتھ ادا کرتے ہوئے حکومتی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے تعاون اور عملی اقدامات کے ساتھ تمام ممکنہ مادی،افرادی اور دیگر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُر عزم ہے اور سانحہ پشاور جیسے کسی بھی دوسرے واقعہ سے بچاؤ کے لیے تمام ممکنہ حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک اہم اجلاس کے دوران کیا جسمیں متعلقہ وفاقی ،صوبائی اور ضلعی محکموں کے افسران شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او اور ڈی پی او نے واضح کیا کہ دہشت گردی سے بچاؤ کے لیے ہم سب کو متحرک ،چوکس اور ذمہ دار ہو کر اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جامع سیکورٹی اور ایمرجنسی پلان وضع کئے جا رہے ہیں تاکہ خدا نخواستہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے موئثر طور نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں ،دفاتر،اہم شخصیات اور عوامی مقامات کے تفصیلی نقشہ جات تیار کئے جا رہے ہیں جبکہ سیکورٹی کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں ،فیکٹریوں اور دفاتر کے ذمہ داروں کو بھی واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کو مذید موئثر بنانے کے لیے سیکورٹی گارڈز ،قومی رضا کار ،بوائے سکاؤٹس اور رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والوں کو بھی متحرک اور فعال بنایا جا رہا ہے جبکہ پولیس ضلع بھر میں پٹرولنگ اور سرچ آپریشن کو بھی مذید موئثر بنا رہی ہے ۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گرد اور مشتبہ عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور اپنے گردو نواح میں ہونے والی کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع 15اور ضلعی کنٹرول روم کے ٹیلی فون نمبر 0547541122پر دیں۔

انہوں نے کہا کہ گلی محلوں میں بھی مقامی معززین کے تعاون سے مشکوک افراد کی آمد ورفت اور سکونت پر کڑی نظر رکھی جائیگی اور انشاللہ دہشت گردی کے کسی بھی واقعہ کی موئثر روک تھام کے لیے تمام ادارے پوری طرح چوکس ہو کر اپنے فرائض سر انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :