سانحہ پشاور کے بعد سرچ جہلم میں بھی آپریشن شروع کر دیا گیا،

دہشت گردی کی روک تھام کیلئے افغان آبادیوں میں سرچ آپریشن جاری ہے،مشکوک ظاہر ہونے کی صورت میں حراست میں لیکر سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی، ڈی پی او جہلم

منگل 23 دسمبر 2014 20:02

جہلم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) ڈی پی او جہلم سرفراز احمد ورک نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے،دہشت گردی کی روک تھام کیلئے افغان آبادیوں میں سرچ آپریشن جاری ہے،مشکوک افرادظاہر ہونے کی صورت میں حراست میں لے کر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔این این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او جہلم نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، اس ضمن میں افغان آبادیوں میں سرچ آپریشن کا عمل جاری ہے بغیر شناخت کے حامل افراد کو فوری حراست میں لے کر سخت کاروائی کی جائے گی ،افغان باشندوں کا مکمل ڈیٹا کے حصول کیلئے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پرنصب خفیہ کیمروں کی مدد سے مشکوک افراد کو حراست میں لیا جائے گا، علاوہ ازیں پولیس ناکوں پر چیکنگ کا عمل بھی سخت کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرایہ داری پر دی جانے والی عمارات کے مالکان کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت مالک اور کرایہ دار دونوں کو رجسٹریشن کرانے کے بارے غور کیا جا رہا ہے، اس سلسلہ میں بینرز اور پمفلٹ کے تحت عوام کو آگاہ کیا جائے گا ،ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عوام بھی مشکوک افراد کی نقل و حمل کے بارے پولیس کو فوری مطلع کریں، ملک دشمن عناصر کو مدد فراہم کرنے والوں سے بھی کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :