روس کا آئندہ سال مارچ میں کراچی سے لاہور تک ایل این جی پائپ لائن بچھانے اور سپلائی شروع کرنے پراتفاق

ایک ارب 70کروڑڈالر کے منصوبے پر دستخط

منگل 23 دسمبر 2014 18:49

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء ) روس نے آئندہ سال مارچ میں کراچی سے لاہور تک ایل این جی پائپ لائن بچھانے اور سپلائی شروع کرنے پراتفاق کیا ہے اور اس ضمن میں ایک ارب 70کروڑڈالر کے منصوبے پر دستخط کردیئے گئے ہیں۔روسی وزیردفاع کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پرپاک روس مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں ماسکو کو ایک ارب 70کروڑ ڈالر مالیت کی کراچی تا لاہور ایل این جی پائپ لائن بچھانے کی پیشکش کی گئی تھی۔

جبکہ وفاقی حکومت نے گوادرایل این جی پائپ لائن اورٹرمینل کے قیام کیلئے چین کے ساتھ بھی تین ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔تیل وگیس کے ریگولیٹری ادارے اوگرا نے ایس این جی پی ایل اورایس ایس جی سی کومذکورہ پائپ لائن کیلئے صارفین سے اضافی فنڈزلینے کی اجازت دیدی ہے۔

(جاری ہے)

ایل این جی منصوبہ کیلئے ایس این جی پی ایل 75 کروڑ ڈالر جبکہ ایس ایس جی سی 30 کروڑ ڈالرکی سرمایہ کاری کامنصوبہ بنایاہے۔

حکومت ساؤتھ ایل این جی پائپ لائن کی تعمیر کاٹھیکہ حکومتی سطح پر روس کودیناچاہتی ہے۔امکان ہے کہ اگلے سال مارچ سے قبل ایل این جی کی سپلائی شروع ہوجائے گی۔پاکستان اورروس کے مابین کئی دہائیوں بعددفاعی شعبے میں معاہدہ کے بعد یہ پہلا توانائی منصوبہ ہے۔اس توانائی معاہدہ پرروسی وزیر دفاع کے دورہ کے موقع پردستخط ہوئے۔پاکستان اس وقت ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے متبادل کے طور پر دوایل این جی پائپ لائن منصوبوں پرکام کررہاہے ،ان منصوبوں میں ایل این جی گوادر پائپ لائن اورکراچی سے لاہور ساؤتھ پائپ لائن شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :