لاہور ہائیکورٹ نے خاندانی رنجش کی بناء پررشتہ دار کو قتل کرنے والے مجرم کی سزائے موت کیخلاف دائر اپیل مسترد کر دی

منگل 23 دسمبر 2014 18:37

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے خاندانی رنجش کی بناء پررشتہ دار کو قتل کرنے والے مجرم کی سزائے موت کے خلاف دائر اپیل مسترد کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے موقع پر مجرم کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ سرگودھا کی ٹرائل کورٹ نے یکطرفہ فیصلہ سناتے ہوئے محمد اشرف نامی شہری کے قتل کے الزام میں ممتاز کو پھانسی کا حکم سنایا۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مجرم کے خلاف گواہوں اور ثبوتوں کی بناء پر عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا لہذا اپیل مسترد کی جائے۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ممتاز نامی مجرم کی سزائے موت کا حکم برقرار رکھتے ہوئے سزاء کے خلاف مجرم کی طرف سے دائر اپیل مسترد کر دی۔دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک نے فراڈ کے مقدمے میں ملوث ہندو ملزم چرن داس کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدائت کر دی