ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کو ساتھ ملانا ناگزیر ہے،بشیر جان ،

سستے انصاف کے ساتھ شفاف انصاف کی فراہمی ہی مملکت کو درپیش مسائل سے باہر نکال سکتی ہے،رہنما اے این پی

منگل 23 دسمبر 2014 18:29

کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق صوبائی جنرل سیکرٹری سندھ بشیر جان نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کو ساتھ ملانا ناگزیر ہے ۔عوام اس وقت نفسیاتی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں انھیں خود اعتمادی دینے کیلئے سیکورٹی اداروں اور عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

جس مملکت میں انصاف نہ ہو وہاں امن قائم نہیں ہوسکتا۔سستے انصاف کے ساتھ شفاف انصاف کی فراہمی ہی مملکت کو درپیش مسائل سے باہر نکال سکتی ہے۔عوام کو اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ عدلیہ پر بھی اعتماد ہے لیکن اس کے برعکس امن ناپید اور انصاف تاخیر سے ملتا ہے اور انصاف کے حصول کیلئے مدعیان کی نسلیں انتظار کرتی رہ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہزاروں کی تعداد میں مقدمات مجسٹریٹی عدالتوں سے لیکر اعلی عدالتوں تک فیصلوں کے منتظر ہیں۔

قانون کے لمبے ہاتھ ، قانون کے اندھے ہونے کی وجہ سے لاغر ہیں، قانون کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے دل و دماغ کی آنکھیں کھولنا ہونگی۔دہشت گرد ، معاشرے میں خوف پیدا کرتے ہیں اور اس خوف کو زائل کرنے کیلئے واحد ادارے سیکورٹی اور عدلیہ ہیں ، جہاں سے عوام کو تمام امیدیں و توقعات وابستہ ہیں۔بشیر جان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جس طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی اداروں نے اپنی ترجیحات تبدیل کیں ہیں اسی طرح عدلیہ انصاف کے تمام تر تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے اپنی پالیسیوں بھی ملکی پالیسی کے تحت تبدیل کرے اور عوام کو انصاف کی فراہمی کم از کم وقت میں ممکن بنائے۔

جب تک انصاف کا مربوط نظام مرتب نہیں ہوتا ، امن کا پائیدار نظام قائم ہونے میں مشکلات رہیں گی ،ہمیں دہشت گردی کی شاخوں کو کاٹنے کے بجائے جڑ سے اکھاڑ دینے کی متفقہ پالیسی اپنانے ہوگی۔جلد ، فوری اور سستا انصاف ہی امن و سکون و معاشی ترقی کا واحد راستہ ہے۔

متعلقہ عنوان :