جنرل ہسپتال میں لاوارث مریضوں کے علاج معالجے کو یقینی بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل،

ایسے مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، انتظامیہ دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دے گی‘ پرنسپل پی جی ایم آئی، لاوارث ، نامعلوم مریض کے متعلق ڈیوٹی پر موجود انتظامی ڈاکٹر پولیس کو اطلاع دینے کا پابند ہوگا‘ پروفیسر انجم حبیب وہرہ

منگل 23 دسمبر 2014 18:24

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے لاہور جنرل ہسپتال میں لاوارث مریضوں کے فوری علاج معالجہ اور نگہداشت کو یقینی بنانے کے لیے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ممبران میں ڈائریکٹر ایمرجنسی، میڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں جبکہ ڈیوٹی اے ایم ایس یا ڈی ایم ایس ایسے مریض کی فوری اطلاع پولیس کو دینے کا پابند ہوگا۔

(جاری ہے)

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ایسے مریض کے علاج کو مانیٹر کرنے اور لواحقین کے ملنے تک اس کو ضرورت زندگی کی تمام اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ نے کہا کہ یہ عام مشاہدہ ہے کہ بعض اوقات ایسے مریض ٹریفک حادثات کا شکار ہوکر ہسپتال لائے جاتے ہیں جن کے لواحقین کا بروقت پتہ نہیں چلتا یا نامعلوم افراد کی جانب سے ہسپتال چھوڑے گئے مریض مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں ایسے مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انتظامیہ ان کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دے گی۔

متعلقہ عنوان :