سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں صوبائی اسمبلی کے احاطے میں شمعیں روشن کی گئیں

منگل 23 دسمبر 2014 17:54

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں صوبائی اسمبلی کے احاطے میں شمعیں روشن کی گئیں،تقریب میں سپیکر اوروزیراعلی ،اراکین اسمبلی اورپشتوگلوکاروں نے شرکت کی ،صوبائی اسمبلی کے احاطے میں سانحہ پشاورپبلک سکول کے شہیداء کی یاد میں تقریب کااہتمام کیاگیا ،اسمبلی سیکرٹریٹ کے سبزہ زار میں اس سانحے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ، سپیکر اسد قیصر ، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے شمعیں روشن کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورا خطہ جنگی صورتحال میں ہے ،کئی معلومات ایسی ہیں جوہم اس وقت شیئر نہیں کرسکتے،صوبے میں نئے بنے والے سکولوں کو شہید بچوں اور اساتذہ کے نا م سے منسوب کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو فوری طور پرگرفتارکرکے واپس بھجوایں گے ۔دس لاکھ قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو واپس بھجوانے کے لیے مرکز فنڈز فراہم کرے۔