ورلڈ بینک کے وفد کا پیڈمک کے پراجیکٹس ،ان میں فراہم کی جانیوالی سروسز کی کوالٹی کے جائزے کیلئے پیڈمک کا دورہ

منگل 23 دسمبر 2014 17:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) ورلڈ بینک کے ایک وفد نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے پراجیکٹس اور ان میں فراہم کی جانے والی سروسز کی کوالٹی کے جائزے کے لئے پیڈمک کا دورہ کیا۔چیئرمین پیڈمک ایس ایم تنویر نے ورلڈ بینک کے وفد کو خوش آمدید کہا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پیڈمک وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ پنجاب میں تیز ترین صنعت سازی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں سو فیصد پلاٹوں پر فیکٹریاں تعمیر ہو چکی ہیں اور ہزاروں صنعتی کارکنوں کو روزگار فراہم کر رہی ہیں۔ اسی طرح سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں 350صنعتی یونٹس قائم ہو چکے ہیں جبکہ مزید 210فیکٹریاں زیر تعمیر ہیں۔

(جاری ہے)

قائد اعظم ایپرل پارک کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایم تنویر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے اس حوالے سے لاہور اسلام آباد موٹر وے پر اراضی حاصل کرلی ہے اور اس وقت انفراسٹرکچر اور تعمیراتی کاموں کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

ورلڈ بینک کے وفد کے اراکین نے پیڈمک کی جانب سے دی جانے والی سروسز پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پیڈمک حکومت پنجاب کے تحت چلنے والی دیگر کمپنیوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ بینک پیڈمک کو اس کے زیر انتظام انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتکاروں کو سروسز کی فراہمی ، کمبائنڈ ایفلوینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ، مالی اور تکنیکی معاملات اور غیر ملکی سرمایہ کاری جیسے امور پر مشاورت فراہم کرتا ہے۔