بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں ،آغا سراج درانی

منگل 23 دسمبر 2014 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔ اس طرح کی خبریں پھیلانا پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کا حصہ ہیں ۔ 4 اپریل اور 27 دسمبر کو ہر سال پیپلز پارٹی بڑے عوامی جلسے لاڑکانہ میں منعقد کرتی ہے ۔

ان جلسوں کے انعقاد سے قبل پیپلز پارٹی کے مخالفین پروپیگنڈا مہم شروع کر دیتے ہیں ۔ اس مہم کا مقصد عوام کو پیپلز پارٹی سے بدظن کرنا ہوتا ہے لیکن ہر مرتبہ دشمنوں کومنہ کی کھانی پڑتی ہے اور پہلے سے زیادہ عوام ان جلسوں میں شرکت کرتے ہیں ۔ 27 دسمبر کو شہید بے نظیر بھٹو کی برسی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی اور بلاول بھٹو زرداری برسی کے اجتماع سے خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر کا جلسہ قریب ہے ۔ اسی لیے پارٹی مخالفین ہمارے خلاف مہم چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی والدہ کی برسی ہے وہ لازمی طور پر اپنی والدہ کی برسی میں شرکت کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم پیپلز پارٹی کے اہم رہنما ہیں ۔

چھوٹی موٹی اگر کوئی ناراضی ہے تو وہ بات چیت کے ذریعہ دور کی جا سکتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں موجود تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی استعفے دینے کے باوجود تمام مراعات حاصل کر رہے ہیں ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے ان سے رابطہ کرکے پوچھا ہے کہ وہ اپنی پوزیشن واضح کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی دوبارہ اسمبلی میں آئیں اور دوبارہ اپنے حلقوں میں جا کر عوام کی خدمت کریں ۔