سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل میمن کی جانب سے عدلیہ مخالف بیان دینے پر حکومت کو جواب داخل کرانے کی آخری مہلت دیدی

منگل 23 دسمبر 2014 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی جانب سے عدلیہ مخالف بیان دینے سے متعلق درخواست پر حکومت کو تین ہفتوں میں جواب داخل کرانے کی آخری مہلت دے دی ۔کیس کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس شاہنواز طارق پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔سماعت کے دوران شرجیل میمن کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنا وکالت نامہ جمع کراتے ہوئے عدالت سے جواب داخل کرانے کے لیے مہلت طلب کی ۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت پر جواب داخل کرانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔واضح رہے کہ درخواست گذار رانا فیض الحسن نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران عدلیہ مخالف بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ججز دباوٴ یا مفادات کا شکار ہیں تو مستعفی ہوجائیں ۔درخواست گذار کا کہنا تھا کہ شرجیل انعام میمن نے عدلیہ سے متعلق بیان دے کر ججز کی توہین کی ہے ،اس لیے ان کی اسمبلی کی رکنیت معطل کرکے انہیں نااہل قرار دیا جائے ۔