سندھ ہائی کورٹ نے سزا یافتہ مجرم شفقت حسین کی پھانسی کی سزا ختم کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی

منگل 23 دسمبر 2014 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے سزا یافتہ مجرم شفقت حسین کی پھانسی کی سزا ختم کرنے اور مقدمہ جیونائل سسٹم کے تحت دوبارہ چلانے کی درخواست مسترد کردی ۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔درخواست گذار مجرم شفقت حسین کی وکیل بیرسٹر سارہ بلال نے موقف اختیار کیا تھاکہ اغواء کے بعد قتل کے مقدمے میں شفقت حسین کو ٹرائل کورٹ نے سزا دی ،اس وقت اس کی عمر 13سال تھی لیکن پولیس نے مجرم کی عمر 23سال ظاہر کی تھی ۔

اس لیے پھانسی کی سزا کو معطل کرتے ہوئے مقدمہ دوبارہ جیونائل سسٹم کے تحت چلانے کا حکم دیا جائے ۔عدالت نے فیڈرل اسٹینڈنگ کونسل ،حکومت سندھ اور دیگر فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گذار کو حکم دیا ہے کہ اگر مجرم کی عمر کے حوالے سے کوئی ثبوت موجود ہیں تو سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ڈپٹی سیکرٹری داخلہ ،سپرٹنڈنٹ سینٹرل جیل کراچی سمیت دیگر فریقین بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ مجرموں کی سزاوٴں پر کس طرح عملدرآمد کیا جارہا ہے ،جس پر ڈپٹی سیکرٹری داخلہ گل محمد شیخ اور جیل سپرٹنڈنٹ نے زبانی جواب دیا کہ سزا یافتہ مجرموں کو چار مختلف شیڈول کے تحت پھانسی دی جائے گی ۔پہلے مرحلے میں کالعدم تنظیموں دہشت گردوں ،دوسرے مرحلے میں مختلف دہشت گرد گروپوں کے سزا یافتہ مجرموں ،تیسرے مرحلے میں جرائم میں سزا ئے موت پانے والے مجرموں اور آخری مرحلے میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے مجرموں کو سزائیں دی جائیں گی ۔

عدالت کے استفسار پر جیل سپرٹنڈنٹ نے بتایا کہ درخواست گذار شفقت حسین کے ڈیتھ وارنٹ جاری نہیں ہوئے اس لیے شفقت حسین کو تیسرے مرحلے میں پھانسی دی جائے گی ۔فیڈرل اسٹینڈنگ کونسل اشفاق رفیق جنجوعہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ مجرم کو 2004میں ٹرائل کورٹ نے سزاء موت سنائی تھی ۔2006میں سندھ ہائی کورٹ اور 2007میں سپریم کورٹ نے اس کی اپیل مسترد کردی تھی ۔لیکن ٹرائل کورٹ اور اعلیٰ عدلیہ میں شفقت حسین کی عمر پر سوال نہیں اٹھایا گیا ۔مقدمے کا فیصلہ ہوئے 7سال ہوچکے ہیں اور عمر کا سوال اب اٹھایا گیا ہے اس لیے درخواست مسترد کی جائے ۔واضح رہے کہ مجرم شفقت حسین نے تھانہ نیو ٹاوٴن کی حدود سے 7سالہ بچے عمیر کو اغواء کرکے قتل کردیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :