شعبہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، پی سی اے کے صدر کی چیئرمین آئی ٹی کمیٹی ایف پی سی سی آئی سے گفتگو

منگل 23 دسمبر 2014 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء)پاکستان کی کمپیوٹر اور آئی ٹی کی صنعت قومی معیشت کی ترقی میں اپنی بھرپور استعداد کے مطابق اسی صورت میں حصہ ڈال سکتی ہے جب اس مقصد کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔اس حوالے سے صنعت سے وابستہ تمام حلقوں کو ملک کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نہ رف صنعت کی اصل استعداد کو اجا گر کیا جا سکے بلکہ حکومت کو مختلف اقدامات خصوصاً اس اہم شعبے میں برآمدات میں اضافے کے لیے بروقت تجاویز اور مشاورت بہم پہنچائی جا سکے۔

اس امر کا اظہارپاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن (پی سی اے) کے صدر منور اقبال نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی آئی ٹی کمیٹی کے نو منتخب چئیرمین نعیم صدیقی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی سی اے کے عہدیداروں اور صنعت کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔منور اقبال ملک میں کمپیوٹر اور آئی ٹی کی صنعت کی استعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نجی شعبہ اور حکومت مل کر موجودہ پالیسیوں کا جائزہ لیں تاکہ ملکی معیشت میں اس شعبے کے کردار میں اضافہ کیا جا سکے۔

نعیم صدیقی نے پی سی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر اور آئی ٹی کی صنعت سے متعلق مسائل کو ہر سطح پر اٹھانا ان کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور پی سی اے صنعت کی ترقی کے لیے با مقصد اقدامات کی خاطر مل کر کام کر سکتے ہیں۔اس موقع پر کمپیوٹر اور آئی ٹی کے شعبے کے لیے نعیم صدیقی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پی سی اے کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔پی سی اے کے اراکین نے اس موقع پر توقع ظاہر کی کہ ایف پی سی سی آئی کے نو منتخب چئیرمین اس اہم شعبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔