لچھراٹ میں ریکارڈترقیاتی کام کروائے ،حلقہ میں پسماندگی کا خاتمہ ہوگا، سیدبازل علی نقوی

منگل 23 دسمبر 2014 16:14

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء)آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات ، زراعت ولائیوسٹاک سیدبازل علی نے کہا ہے حلقہ لچھراٹ میں ریکارڈترقیاتی کام کروائے ہیں جن سے حلقہ میں پسماندگی کا خاتمہ ہوگا، لچھراٹ کو آزاد کشمیر کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ حلقہ دیکھنا میرا خواب ہے جس کی تعبیر بہت جلد ہوگی ۔تین سالوں کی کارکردگی گزشتہ 60سالوں پر بھاری ہے ۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب 27دسمبر کو ہل سیری درہ میں ہوگی جس میں تمام کارکنان شرکت کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانڈی فتح جنگ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں حاجی میر قلندر ، میر محمد یعقوب ، میر عبدالقیوم ، میر سفیر ، میرشرافت نے اپنی برادری کے ساتھ دیگر جماعت کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس کی مضبوطی کیلئے ہر ایک کو اپنابھر پور کر دار ادا کرنا ہوگانئے آنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں لوگوں نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے ان کا کبھی بھی مایوس نہیں ہونے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

اب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی تقدیر بدلنے کا ذریعہ ہیں ۔ نوجوانوں کو علاقہ کی تعمیر و ترقی اور جماعت کی مضبوطی کیلئے بھر پور کر دار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع نئے شامل ہونے والوں نے وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سید بازل علی نقوی نے لوگوں کی خدمت اور علاقے کی فلاح وبہبود کا حق ادا کر دیا ہے لچھراٹ ترقیاتی پیکج کی صورت میں جو عظیم کام کیا ہے اس پر پورا علاقہ سید بازل علی نقوی کااب قلعہ بن گیا ہے۔

لوگ ان سے والہانہ پیار کرتے ہیں اور اپنے قائد سے شدید محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہمیں بازل علی نقوی نے جو عزت اور احترام دیا ہے اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اور ہماری آنے والی نسلیں سید بازل علی نقوی کے شانہ بشانہ ساتھ رہیں گی ۔