شمالی کوریا میں انٹرنیٹ جزوی بحال ہوگیا

منگل 23 دسمبر 2014 15:05

پیانگ یانگ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) سائبر سکیورٹی کے معاملے پر امریکہ سے تنازع کے بعد شمالی کوریا میں انٹرنیٹ کی بندش کا واقعہ پیش آیا ہے۔اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا میں گزشتہ شام سے انٹرنیٹ سروسز شدید متاثر رہیں جبکہ کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کچھ وقت کے لیے ملک کی انٹرنیٹ تک رسائی مکمل طور پر منقطع رہی۔شمالی کوریائی حکام کی جانب سے تاحال اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے تاہم امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ منگل کو کچھ انٹرنیٹ سروسز بحال ہوگئی ہیں۔

انٹرنیٹ کی فراہمی میں یہ رخنہ امریکہ کے اس اعلان کے اگلے دن ہوا جس میں اس نے سونی پکچرز پر اس سائبر حملے کا مناسب جواب دینے کو کہا تھا جس کے لیے امریکہ شمالی کوریا کو ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان پر قاتلانہ حملے کی کہانی والی مزاحیہ فلم بنانے پر ہیکرز نے سونی پکچرز کو نشانہ بنایا تھا اور سونی کو اس فلم کی ریلیز روکنی پڑی تھی۔

وائٹ ہاوٴس نے اس سائبر حملے کو قومی سلامتی کا معاملہ قرار دیا تھا اور پھر امریکی صدر براک اوباما نے شمالی کوریا کی حکومت پر اس حملے کا الزام عائد کیا تھا۔تاہم امریکہ نے شمالی کوریا میں انٹرنیٹ کی اس بندش پر کچھ کہنے سے گریز کیا ہے۔ڈائن ریسرچ کا کہنا ہے شمالی کوریا میں نو گھنٹے 31 منٹ تک انٹرنیٹ سروس منقطع رہنے کے بعد جزوی طور پر بحال ہوئی ہے۔

منگل کو شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے کی ویب سائٹ بحال ہو چکی ہے۔لیکن یہ بحالی بھی ابھی مستقل نظر نہیں آ رہی ہے جبکہ دوسری بہت سی ویب سائٹیں ابھی بھی پہنچ سے باہر ہیں۔پیانگ یانگ سے بھی اس بارے میں ابھی تک کوئی بیان نہیں آیا ہے لیکن امریکہ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی انٹرنیٹ سروس بحال ہو گئی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک سے انٹرنیٹ کے غائب ہونے کا سب یا تو تکنیکی ہو سکتا ہے یاپھر سائبر حملے کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔

انٹرنیٹ کا تجزیہ کرنے والی کمپنی ڈائن ریسرچ کے دوگ میڈوری نے کہا: ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران شمالی کوریا کا بیرونی دنیا سے انٹرنیٹ رابطہ رفتہ رفتہ منقطع ہوتا گیا یہاں تک کہ یہ بالکل ہی ختم ہو گیا۔آربر نیٹ ورکس کا کہنا ہے اس نے پتہ چلایا ہے کہ یہ ’خدمات فراہم کرنے سے انکار‘ والا حملہ تھا جو شمالی کوریا میں سنیچر کو شروع ہوا تھا۔واضح رہے کہ شمالی کوریا میں بہت محدود لوگوں تک انٹرنیٹ کی رسائی ہے اور یہ کہ یہ ملک دنیا کے بہت رازدارانہ طور پر کام کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :