مسلم دلھن عروسی جوڑے میں سڈنی یادگار پہنچ گئی

سماجی حلقوں کی جانب سے مسلمان جوڑے کے اقدام کا خیرمقدم

منگل 23 دسمبر 2014 15:05

سڈنی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء)ایک آسٹریلوی مسلمان دلھن شادی کے جوڑے میں ملبوس سڈنی کے ایک کیفے میں دہشت گردی کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی یادگار پر گلدستہ لے کر پہنچ گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس واقعے میں ایک ایرانی نڑاد مسلح شخص نے متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ تاہم بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے ان لوگوں کو بازیاب کرا لیا تھا۔

پولیس کی کارروائی میں دو آسٹریلوی شہری اور مسلح شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔مسلم دولھا محمود حمیصی نے اپنی دلھن منال قاسم کو عروسی لباس میں ملبوس اور حجاب اوڑھے ہوئے یادگار پر رکھے دیگر گلدستوں میں ایک اور گلدستہ رکھتے ہوئے دیکھا۔نوبیاہتا جوڑے کو یادگار پر آتا دیکھ کر ایک ہجوم جمع ہوگیا اور انہوں نے دلہن کی جانب سے پھول رکھنے پر تالیاں بجا کر داد دی۔

(جاری ہے)

منال قاسم کو ان کے اس خیرسگالی اقدام پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی کئی صارفین نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔منال قاسم نے اس سے پہلے شہر بھر میں شادی کے موقع پر یادگار تصاویر بنوانے کا بھی ارادہ کیا تھا مگر حملے کے بعد انہوں نے اپنا ارادہ تبدیل کردیا۔نوبیاہتا جوڑے کی شادی کی تقریبات کی منتظم دینا خیر نے بتایا کہ " منال قاسم اس دہشت کے عالم میں حجاب اوڑھ کر اپنی شادی کی خوشیوں کی تصاویر نہیں بنوانا چاہتی تھیں۔ اس لئے انہوں نے سب سے پہلے سڈنی یادگار کا رخ کیا تاکہ وہ ہلاک ہونیوالوں کو خراج تحسین پیش کرسکیں۔