پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند، لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال

منگل 23 دسمبر 2014 10:56

پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند، لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال

لاہور/ کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) لاہور میں سردی کی لہر برقرار ہے ، دھند چھٹنے کے بعد علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا ، موٹر وے حکام نے خبردار کیا ہے کہ ڈرائیورز دھند چھٹنے تک جی ٹی روڈ کا راستہ اختیار کریں ، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم سرد ہوگیا۔ رواں ہفتے کے دوران شروع ہونے والا دھند کا سلسلہ پنجاب کے مختلف شہروں میں جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت بھی برقرار ہے ۔

لاہور اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم کسی حد تک دھند چھٹنے کے بعد علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے بعد اندرون اور بیرون ملک پروازوں کی آمد ورفت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف موٹر وے حکام نے خبردار کیا ہے کہ دھند میں کمی آنے تک ڈرائیورز جی ٹی روڈ پر سفر کریں ۔ کم رفتار کے ساتھ فوگ لائیٹس بھی جلائیں ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں موجود تو ہیں تاہم سسٹم کمزور ہونے کے باعث بارشیں نہیں ہوں گی ۔

موسم سرما کی باقاعدہ بارشیں جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے ، آئندہ ہفتے موسم بتدریج سرد اور خشک رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں موٹر وے اور جی ٹی روڈ دھند کی لپیٹ میں رہیں گے ۔ دوسری طرف شہر قائد کے مختلف علاقوں میں علیٰ الصبح ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے متعدد موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوئے ، ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں کہیں کہیں مزید ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے تاہم دوپہر تک دھوپ نکلنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :