قاتلوں ،دہشتگردوں کو پھانسی دینے سے اسلام کے قانونِ قصاص پر عمل ہو رہا ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا ،

حکمران دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جرأت دکھائیں یا گھر جائیں‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 20 دسمبر 2014 23:57

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قاتلوں اور دہشت گردوں کو پھانسی دینے سے اسلام کے قانونِ قصاص پر عمل ہو رہا ہے، پاکستانی قوم نے سانحہٴ پشاور کے غم کو طاقت بنا لیا ہے،سزائے موت ملک ملکی قانون اور خدا کے حکم کا تقاضا ہے، دہشت گردوں کی پھانسیاں دہشت گردوں سے نجات کا ذریعہ بنیں گی، حکومت دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والوں کے لیے گوشہٴ جیل تیار کرے،حکمران دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جرأت دکھائیں یا گھر جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ان نرسریوں کو بند کیا جائے جہاں پر انتہاپسندوں کی ذہن سازی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مذہبی شدت پسندی کی ہر شکل کو مٹا دیا جائے۔ دہشت گردی کا خاتمہ طالبان کی مذمت نہیں مرمت سے ہو گا۔ دہشت گردی کو کچلنے کے لیے ہر انتہائی قدم اٹھایا جائے۔

دہشت گردی کے خاتمے کی قومی جدوجہد میں ریاست اور پاک فوج کا ساتھ دیں گے۔ بے گناہ بچوں کی شہادتیں دہشت گردوں کی موت ثابت ہوں گی۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے جہاد میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔ طالبان موت کے وحشی سوداگر ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی قومی پالیسی کی تشکیل کے مشاورتی عمل میں پارلیمنٹ سے باہر کی جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے۔ دہشت گردوں کی فنڈنگ کے تمام ذرائع بند کیے جائیں۔ سیاسی اور عسکری قیادت پر مشتمل نیشنل سکیورٹی کونسل تشکیل دی جائے۔ حکومت تمام مکاتب فکر کے مفتیانِ کرام کا اجلاس بلا کر دہشت گردی، انتہاپسندی اور خودکش حملوں کے خلاف اجتماعی فتویٰ جاری کروائے۔