مشتبہ افراد کی اطلاع کیلئے یونیورسل فون سروس متعارف

ہفتہ 20 دسمبر 2014 23:13

مشتبہ افراد کی اطلاع کیلئے یونیورسل فون سروس متعارف

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء ) پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے لیے ہیلپ لائن نمبرز جاری کردیئے گئے ہیں، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی دیکھنے کے بعد سکیورٹی اداروں کو آگاہ کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبرز جاری کیے گئے ہیں جس کے ذریعے عوام مشکوک افراد اور ایسی سرگرمیوں سے متعلق فوری سکیورٹی اداروں کو اطلاع دے سکیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج کے مطابق صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے شہری مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع 1135 پر دے سکتے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں اس قسم کی اطلاعات 1125 پر دی جاسکیں گی اس کے علاوہ ان یونیورسل نمبروں پر موبائل فون اور لینڈ لائن نمبروں کے ذریعے بھی کال کی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور عوام سے بھی کسی قسم کی مشکوک سرگرمی یا مشکوک افراد کے دیکھے جانے کے بعد اس کی اطلاع سکیورٹی اداروں کو دینے کی اپیل کی گئی ہے۔