کراچی، ایئرپورٹ حملہ کیس ،ملا فضل اللہ اور شاہد اللہ شاہد سمیت 9 نامزد ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ،

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سماعت8جنوری تک ملتوی

ہفتہ 20 دسمبر 2014 22:30

کراچی، ایئرپورٹ حملہ کیس ،ملا فضل اللہ اور شاہد اللہ شاہد سمیت 9 نامزد ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایئرپورٹ حملہ کیس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ اور شاہد اللہ شاہد سمیت 9 نامزد ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت8جنوری تک ملتوی کر دی۔ ہفتہ کو کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس کی سماعت کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔

دوران سماعت پولیس نے ملا فضل اللہ ،شاہد اللہ شاہد،ملک ممتاز ،عاصم شریف،اطہر پلمبر،اقبال ٹھیکداراور عبداللہ بلوچ سمیت 9 نامزد ملزمان کے خلاف حتمی چالان پیش کیا۔ پولیس نے تمام مفرور ملزمان کے دفعہ 512 کے تحت عدالت سے وارنٹ گرفتاری کی استدعا کی۔ جسے عدالت نے قبول کرلیا اور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اگلی سماعت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر رواں برس 8 جون کی شب دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 28 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔اس ضمن میں پولیس نے ائیر پورٹ پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی معاونت کے الزام میں 4افراد کو گرفتار کیا تھا جن میں ماسٹر عیسیٰ، آصف لمبا،سرمد صدیقی اورندیم کالا شامل تھے تاہم ماسٹر عیسیٰ کو عدم ثبوت پر رہا کر دیا گیا تھا جب کہ دیگر3ملزمان تاحال جیل میں ہیں۔