پانچواں ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 65 رنز سے ہرا کر سیریز 2-3سے جیت لی

جمعہ 19 دسمبر 2014 23:49

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر۔2014ء) نیوزی لینڈ نے پانچویں ون ڈے میں پاکستان کو 65 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے جیت لی۔ پوری قومی ٹیم کیویز کے 275 رنز کے جواب میں 44 ویں اوور میں 207 رنز بنا کر ہی آؤٹ ہو گئی۔ ہینری نے صرف 30 رنز کے عوض 5 کھلاڑی آؤٹ کئے۔ کیوی کپتان ولیم سن نے 97 جبکہ راس ٹیلر نے 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی طرف سے کوئی کھلاڑی بھی جم کر نہ کھیل سکا اور احمد شہزاد 54 اور حارث سہیل 65 رنز کی اننگز بنا کر نمایاں رہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم بیٹنگ کیلئے میدان میں اتری تو اوپنر ناصر جمشید صفر کے سکور پر ہی ہینری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار پائےتو یونس خان بھی 12 رنز بنا کر ہینری کی ہی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کی ہاتھ کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

اسد شفیق 7 رنز بنا کر ڈیو کچ کی گیند پر آؤ ٹ ہوئے۔یونس خان 12 رنز بنا کر ہینری کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں آؤٹ ہو ئے تو عمر اکمل بھی جم کر کھیلنے میں ناکام رہے اورصرف 6 رنز بنا کر ہی نیتھن مکلم کا شکار بنے۔

حارث سہیل نے شاندار ففٹی مکمل کی اور 74 گیندوں پر 65 رنز بنا کر میک کلین گھان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے ایک چھکا اور پانچ چوکے لگائے۔ ان کے ہمراہ 55 رنز کی پارٹنر شپ بنانے والے سرفراز احمد 26 رنز بنا کر ہینری کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔انور علی جارحانہ 18 رنز بنا کر نیتھن مکلم کےہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔کپتان شاہد آفریدی بھی 13 رنز پر ہی پولین لوٹ گئے تو آخری کھلاڑی ذوالفقار بابر بھی ڈوبتے کو تنکے کا سہار دینے میں ناکام رہے اور دو رنز پر ہی وکٹ گنوا بیٹھے۔

قبل ازیں پاکستان کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔ کیوی کپتان ولیم سن 97 رنز جبکہ راس ٹیلر 88 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستانی باؤلر محمد عرفان سے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پانچ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر گپٹل ساتھی بیٹسمین براؤنلی کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور تیسرے اوور میں 8 رنز بنا کر محمد عرفان کا شکار بنے۔

اس موقع پرکپتان ولیم سن اوربراؤنلی نے 66 رنزکی شراکت داری کی اور ذوالفقار بابر نے 34 رنز پر اوپنر براؤنلی کو پویلین بھیج دیا۔ تیسری وکٹ کی شراکت داری میں ولیم سن کا ساتھ راس ٹیلر نے دیا جس میں کپتان نے شاندار ففٹی بنائی اور 97 رنز بنا کرپاکستانی کپتان شاہد آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ رونچی بھی زیادہ دیر جم کر نہ کھیل سکے اور 16 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر شاہد آفریدی آفریدی کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جس کے بعد راس ٹیلر نے ٹام لیتھم کے ہمراہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور مقررہ پچاس اوورز کے اختتام پر کیویز کا سکور 275 تک لیجانے میں کامیاب رہے۔

ٹیلر 88 رنز پرجبکہ لیتھم نے 18گیندوں پر 22رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان ولیم سن نے پانچویں میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے کھیلے جانے والے چار میچوں میں دونوں ٹیموں نے دو، دو میچوں میں فتح حاصل کر رکھی تھی تاہم اس میچ میں فتح کے بعد نیوزی لینڈ سیریز بھی جیت گیا۔

متعلقہ عنوان :