فیصل آباد، دہشتگردی میں ملوث ڈاکٹر عثمان اور ارشد محمود کو پھانسی دیدی گئی،

ڈاکٹر عثمان جی ایچ کیو اور سری لنکن ٹیم پر ، ارشد محمود سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث تھا

جمعہ 19 دسمبر 2014 23:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) دہشتگردی میں ملوث سزائے موت کے قیدی عقیل عرف ڈاکٹر عثمان اور ارشد محمود کو جمعہ کی شب ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں پھانسی دیدی گئی۔ ڈاکٹر عثمان جی ایچ کیو اور سری لنکن ٹیم پر جبکہ ارشد محمود سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث تھا۔گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چھ خطرناک دہشتگردوں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کئے جن میں ڈاکٹر عثمان بھی شامل تھا ۔

(جاری ہے)

پھانسی سے قبل دونوں قیدیوں سے انکے آخری بیانلکھوائے گئے جبکہ ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا اور دونوں کو صحت مند قرار دیا گیا جس کے بعد رات 9 بجے انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ قبل ازیں شام ساڑھے سات بجے کے قریب دونوں مجرموں کو سینٹرل جیل سے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد منتقل کیا گیا اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ پھانسی کے بعد ڈاکٹروں نے دونوں کی لاشوں کا معائنہ کیا اور انکی موت کی تصدیق کر دی۔ اس موقع پر جیل حکام اور مجسٹریٹبھی موجود تھے ۔