پھانسی کی سزا پر عملدرآمد ، ممکنہ ردعمل سے بچنے کیلئے اہم سیاسی شخصیات کی سرگرمیاں محدود کرنے کی ہدایت

جمعہ 19 دسمبر 2014 21:53

پھانسی کی سزا پر عملدرآمد ، ممکنہ ردعمل سے بچنے کیلئے اہم سیاسی شخصیات ..

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء )ملک بھر میں دہشتگردوں کا قلع قمع اور دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث مجرموں کو پھانسی کی سزا پر عملدرآمد کے دوران کسی بھی ممکنہ ردعمل سے بچنے کیلئے ملک کی اہم سیاسی شخصیات کے علاوہ وفاقی ، صوبائی وزراء ، ممبران پارلیمنٹ ، اہم سیاستدانوں اور سر کردہ رہنماؤں کو اپنی سیاسی سرگرمیاں اور آمدورفت کو محدود کرنے کیلئے کہا گیا ہے ، وزیراعظم ، صدر وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کے ممکنہ دوروں کے روٹس کا شیڈول بھی خفیہ رکھا جائے گا ۔

آن لائن کو ذرائع نے بتایا کہ حکومت اور مختلف سکیورٹی اداروں نے دہشتگردوں کی طرف سے ممکنہ کارروائی کے پیش نظر بعض اہم شخصیات اور ان کے اہلخانہ ، قریبی عزیز رشتہ داروں کو اغواء کرنے کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کی کارروائی کا خطرہ بھی ہوسکتا ہے اس لئے ممبران پارلیمنٹ ، سینٹ ممبران ، صوبائی اسمبلی ممبران کے ساتھ ساتھ صوبائی وزراء ، پارلیمانی سیکرٹری سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی آمدورفت کو محدود رکھتے ہوئے کسی بھی ایسی جگہ نہ جائیں جس کا پہلے سے پروگرام طے ہوا ہو چنانچہ اس ہدایت کی روشنی میں ممبران پارلیمنٹ اور اہم سیاستدانوں نے اپنی رہائش گاہوں کی سکیورٹی کو سخت کردیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگردی کی کارروائی سے محفوظ رہا جاسکے ۔

(جاری ہے)

حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اکتیس دسمبر تک اپنی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے چنانچہ اس پر بعض وفاقی اور صوبائی وزراء اور ممبران اسمبلی نے اپنی ملاقاتوں کا دائرہ کار بھی محدود کردیا ہے جبکہ اپنے اہلخانہ اور عزیز رشتہ داروں کو بھی اپنے رہائش گاہ تک محدود کررکھا ہے