کرم ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 32شدت پسند ہلاک،بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمد،تین سیکورٹی اہلکار زخمی ہو ئے،

ورمہ گئے اور سپارکوٹ کے مقامات پر پیدل جانیوالے شدت پسندوں کو گھیرے میں لیا گیا، دہشت گردوں کی تاحال شناخت نہ ہو سکی، ہلاک ہونیوالوں میں غیرملکی بھی شامل ،دہشت گردوں کا جڑ سے خاتمہ کیا جائیگا، کرم ایجنسی سے شدت پسندوں کا صفایا کر دیا گیا ہے،قائم مقام بریگیڈ کمانڈر کرنل نسیم، کرنل کیانی اوراسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی شاہد خان کی پریس کانفرنس

جمعہ 19 دسمبر 2014 20:22

کرم ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 32شدت پسند ہلاک،بھاری مقدارمیں ..

ہنگو ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) کرم ایجنسی میں سیکورٹی فورسز نے بھر پور کارروائی کرتے ہوئے 32شدت پسندوں کو ہلاک کر کے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ کاروائی میں تین سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔قائم مقام بریگیڈ کمانڈر کرنل نسیم، کرنل کیانی اوراسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی شاہد خان نے کرم ایجنسی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ فورسز کو اپنے انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ پچاس سے زائد شدت پسند خیبر ایجنسی سے شمالی وزیرستان جا رہے ہیں جس پر کرم ایجنسی لوئر اور کرم میں مختلف مقامات پر فورسز نے پوزیشنیں سنبھال لیں ۔

رات گئے ورمہ گئے اور سپارکوٹ کے مقامات پر پیدل جانے والے شدت پسندوں کو گھیرے میں لے لیا گیااور شدید لڑائی کے نتیجے میں 32 شدت پسندوں کو ہلاک اور متعدد کو ذخمی کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

کرنل نسیم نے بتایا کہ دہشت گرد زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے گئے جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی تاہم غیر ملکی شدت پسند بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضروری کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا جاے گا۔ اس موقع پرہلاک دہشت گردوں کی ڈیڈ باڈیز میڈیا کو دکھائی گئیں اور ان کے قبضہ سے برآمد کیا گیا اسلحہ بھی میڈیا کو دکھایا گیا۔قبضہ میں لیے جانے والے اسلحے میں LMGَ.HM مشین گنیں،راکٹ لانچرز،ہینڈ گرنیڈ،میزائل،کلا درجنوں کلاشنکوف ،ہزاروں کارتوس اور دیگر ایمو نیشن شامل ہے ۔

قائم مقام بریگیڈ کمانڈر کرنل نسیم نے واضح کیا کہ نہ صرف دہشت گردوں کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا بلکہ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھر پور آپریشن کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی،ہنگو اور اورکزئی ایجنسی میں فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ اس دوران میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی سے شدت پسندوں کا صفایا کر دیا گیا ہے اور اب یہ ایجنسی کلیئر ہے جبکہ ملک بھر سے شدت پسندوں کا صفایا کر دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے عوام کو شر پسندوں،دہشت گردوں سے نجات دلائیگی۔

متعلقہ عنوان :