پشاور: دہشتگردوں کا آرمی سکول پر بزدلانہ حملہ، فائرنگ جاری، 10بچے شہید، 34 زخمی

منگل 16 دسمبر 2014 12:57

پشاور: دہشتگردوں کا آرمی سکول پر بزدلانہ حملہ، فائرنگ جاری، 10بچے شہید، ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16دسمبر 2014ء) دہشتگردوں نے وارسک روڈ پر قائم آرمی سکول پر حملہ کر دیا ، فائرنگ سے 10 بچے شہید ، دو ٹیچرز سمیت 34 زخمی ہوگئے۔ کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ پشاور میں وارسک روڈ پر قائم آرمی سکول دہشتگردوں کا نشانہ بن گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے بعد فوجی وردیوں میں ملبوس دہشتگرد سکول کے اندر داخل ہوئے جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس میں 10بچے شہید جبکہ دو ٹیچروں سمیت 34 بچے زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ سکول میں چھ فدائی حملہ آور داخل ہوئے ہیں۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سکول کے قریبی راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ فوج نے سکول سے چار طالب علموں کو بازیاب کرا لیا ہے جس میں سے ایک طالب علم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھ سے سات افراد کالی وردیوں میں ملبوس تھے اور کلاسوں میں داخل ہو کر فائرنگ کر رہے تھے جس کے بعد میں کلاس کے پیچھے چھپ گیا جب آرمی والے آئے تو انھوں نے مجھے باہر نکالا۔