این اے 122دھاندلی کیس،گنتی کیخلاف ایاز صادق کی درخواست مسترد، وکلاءکا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

منگل 16 دسمبر 2014 10:57

این اے 122دھاندلی کیس،گنتی کیخلاف ایاز صادق کی درخواست مسترد، وکلاءکا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16دسمبر 2014ء) لاہورہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122میں دوبارہ گنتی سے متعلق الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف سردارایاز صادق کی درخواست مسترد کردی ہے اور ریمارکس دیئے ہیں کہ گنتی ہولینے دیں ، آپ کا موقف بعد میں بھی سناجاسکتاہے جبکہ سردار ایازصادق نے عدالت اور الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کااعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق این اے 122میں ووٹوں کی گنتی اور انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف سردار ایاز صادق کی درخواست کی سماعت لاہورہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے کی ۔ دوران سماعت درخواست گزار وکلاءنے موقف اپنایاکہ الیکشن ٹربیونل نے اُن کا موقف سنے بغیر فیصلہ سنایا جو سپریم کورٹ کے احکامات اور قانون کی صریحاً خلاف ورز ی ہے لہٰذا عدالت الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قراردے اور گنتی سے روکتے ہوئے ٹربیونل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گنتی ہولینے دیں ، اس سے کچھ نہیں ہوگا، آپ کو خطرہ کیا ہے جس پر وکلاءکا کہناتھاکہ خطرہ کوئی نہیں لیکن غیرآئینی اقدام کیاگیا۔ عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جب گنتی دوبارہ ہوجائے گی تو بھی آپ کا موقف سنا جاسکتاہے ، ابھی الیکشن ٹربیونل میں بیانات ریکارڈ ہونے کامرحلہ بھی ہوگا۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ایازصادق کے وکیل نے کہاکہ وہ خلاف قانون کچھ نہیں ہونے دیں گے ، الیکشن ٹربیونل اور ہائیکورٹ کا فیصلہ جلد ازجلد سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں چیلنج کریں گے

متعلقہ عنوان :