،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر مسیحی برادری کی سہولت کے لئے فیصل آبادسمیت پنجاب بھر میں کرسمس بازار لگائے جائیں گے

پیر 15 دسمبر 2014 21:31

،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر مسیحی برادری کی سہولت کے لئے فیصل آبادسمیت ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2014ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر مسیحی برادری کی سہولت کے لئے فیصل آبادسمیت پنجاب بھر میں کرسمس بازار لگائے جائیں گے ۔تین روزہ یہ کرسمس بازار بائیس سے چوبیس دسمبر تک فنکشنل رہیں گے جن میں ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام رعایتی نرخوں پر اشیاء ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔

اس سلسلہ میں ڈی سی او نور الامین مینگل نے بتایا کہ کرسمس بازار مسیحی آبادیوں کے قریب قائم کئے جائیں گے تاکہ مسیحی برادری کو انکی دہلیز پر معیاری اشیاء ضروریہ رعایتی قیمتوں پر فراہم کی جا سکیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فیصل آباد شہر میں تین کرسمس بازار کرسچیئن ٹاؤن عید گاہ روڈ پر گرجاگھر ‘پینٹو گراؤنڈ وارث پور اور عابد شہید روڈ مدینہ ٹاؤن میں قائم ہونگے جبکہ جڑانوالہ کے سہولت بازار میں ہی کرسمس بازار لگے گا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح تاندلیانوالہ میں شمس پورہ ‘ سمندری میں لیاقت پارک اور چک جھمرہ میں چنیوٹ روڈ پر کرسمس بازار لگائے جائیں گے ۔ ڈی سی او نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ کرسمس بازاروں کو مسیحی برادری کے لئے معاشی طور پر بھر پور فائدہ مند بنایا جائے ۔ انہوں نے دیگر محکموں کے افسران سے کہا کہ کرسمس بازاروں میں گوشت ‘ پولٹری کی اشیاء ‘ آٹا ‘ چینی اور گھی سمیت دیگر اشیاء ضروریہ وافرمقدار میں فراہم کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ کرسمس بازاروں کے انعقاد سے متعلق مسیحی عوام کی آگہی کے لئے نمایاں جگہوں پر بینرز آویزاں کئے جائیں اور ان بازاروں میں صفائی ستھرائی اور سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل ہونا چاہئے ۔