Live Updates

حکومت 48گھنٹے میں جوڈیشل کمیشن بنادے احتجاج ختم کردیں گے،عمران خان ،

اگلے پلان کا دارومدار جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پر ہے،آزادی کیلئے قربانی دینے پر کراچی کے عوام کا مشکور ہوں ،معذرت بھی چاہتا ہوں نواز شریف پر مزید دباوٴ ڈالیں گے ،2013کا الیکشن چوری کرنیوالوں کا احتساب کرینگے ،مجھے نیاپاکستان اور حقیقی جمہوریت نظر آرہی،چیئرمین تحریک انصاف ، ملک پر مسلط خاندانوں کو جانا ہوگا جس کے بعد ملک میں میرٹ پر نئی لیڈر شپ آئیگی،ہماری جدوجہد کے نتیجے میں نئے انتخابات ہونگے ،نیا پاکستان بھی بنے گا ، تھر میں حکمران کہتے ہیں ہم نے پینے کے صاف پانی کیلئے پانچ ارب روپے خرچ کئے ،تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں،نرسری شاہراہ فیصل پر مرکزی دھرنے کے شرکاء سے خطاب

جمعہ 12 دسمبر 2014 21:23

حکومت 48گھنٹے میں جوڈیشل کمیشن بنادے احتجاج ختم کردیں گے،عمران خان ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر۔2014ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت 48گھنٹے میں جوڈیشل کمیشن بنادے تو احتجاج ختم کردیں گے ۔لاہور میں احتجاج سے قبل جوڈیشل کمیشن بنادیا جائے تو احتجاج روک دیا جائے گا ۔اگلے پلان کا دارومدار صرف جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پر ہے ۔جس طرح کراچی والوں نے ہمارا ساتھ دیا اب لاہور والے بھی اسی طرح ہمارا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں ۔

آزادی کے لیے قربانی دینے پر کراچی کے عوام کا مشکور ہوں اور ان سے معذرت بھی چاہتا ہوں ۔ہم نواز شریف پر مزید دباوٴ ڈالیں گے اور 2013کا الیکشن چوری کرنے والوں کا احتساب کریں گے ۔مجھے نیاپاکستان اور حقیقی جمہوریت نظر آرہی ہے ۔ہم ملک میں میرٹ چاہتے ہیں ۔ جو خاندان ملک پر مسلط ہیں ان کو جانا ہوگا جس کے بعد ملک میں میرٹ پر نئی لیڈر شپ آئے گی ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی تحریک کے باعث جوڈیشل کمیشن بھی بنے گا ۔نئے انتخابات بھی ہوں گے اور نیا پاکستان بھی بنے گا ۔یہ ایسا پاکستان ہوگا جس میں حکمران عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گے ۔ آرام کی نیند سونے کے لیے ضروری ہے کہ گونواز گو کا نعرہ لگایا جائے کیونکہ یہ ایک عوامی نعرہ بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ نرسری شاہراہ فیصل پر تحریک انصاف کے مرکزی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تحریک انصاف عمران خان جب نرسری پہنچے تو کارکنان کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا ۔کارکنان نے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی ۔اس موقع پر عمران خان گاڑی کی چھت پر کھڑے ہو کر کارکنوں کے خیرمقدمی نعروں کا جواب دیا ۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے اوپر مزید پریشر ڈالیں گے تاکہ وہ جلد سے جلد الیکشن 2013ء میں دھاندلی کے لیے کمیشن بنائیں ۔

ہمیں سپریم کورٹ کے کمیشن پر مکمل یقین ہے ۔ کمیشن کی تحقیقات کے نتیجے میں دھاندلی میں ملوث عناسر بے نقاب ہوں گے ۔ انہیں سزائیں دلوائیں گے کیونکہ جب تک سزائیں نہیں ملیں گی اور احتساب نہیں ہو گا ، تب آئندہ انتخابات شفاف نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جس طرح میرا ساتھ دیا ہے ، میں ان کا شکر گزار ہوں ۔ ان کی قربانی کی قدر کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نیا پاکستان بنتا ہوا نظر آ رہا ہے ۔ اس نئے پاکستان میں حقیقی جمہوریت ہو گی ۔ قانون اور انصاف کی بالادستی ہو گی ۔ عوام کو ان کے حقوق ملیں گے ۔ اس نئے پاکستان میں حکمران عوام کو جواب دہ ہوں گے اور اس نئے پاکستان کے حکمران اپنی دولت برطانیہ اور امریکا نہیں بنائیں گے بلکہ یہ نئے حکمران اپنی دولت کو عوام پر خرچ کریں گے ۔

عمران خان نے کہا کہ ملک پر چند خاندان مسلط ہیں ۔ انہیں گھر جانا ہو گا ۔ نئے لوگ سامنے آئیں گے اور یہی نئے لوگ اصل پاکستان میں جمہوریت کو لائیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ تھر میں حکمران کہتے ہیں کہ ہم نے پینے کے صاف پانی کے لیے پانچ ارب روپے خرچ کیے ہیں ، وہ جھوٹ بولتے ہیں ۔ تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں ۔ حکمران جواب دیں کہ تھر کی صورت حال کا ذمہ دار کون ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران لاہور سے اسلام آباد تک موٹر وے بنانے میں کمیشن وصول کر رہے ہیں اور یہ کمیشن سیف الرحمن کے ذریعے بنایا جا رہا ہے ۔ سیف الرحمن حکومت کا کمیشن ایجنٹ بنا ہوا ہے ۔ ہم سیف الرحمن کو موٹروے منصوبے میں کمیشن نہیں لینے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاندان نے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے ۔ اس خاندان کی حکمرانی کو حتم کرنا ہو گا ۔

یہ تبھی ممکن ہے ، جب سپریم کورٹ کا کمیشن الیکشن 2013ء میں ہونے والی دھاندلی کو بے نقاب کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کمیشن کے ذریعہ دھاندلی میں ملوث عناصر کو سزائیں دلوائی جائیں گی ۔ عمران خان نے کہا کہ تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے ۔ جوڈیشل کمیشن بھی بنے گا ۔ نئے انتخابات بھی ہوں گے اور نیا پاکستان بھی بنے گا ۔ یہ پاکستان اصل جمہوریت اور انصاف پر مبنی پاکستان ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور والے تیار ہو جائیں میں 15 دسمبر کو لاہور آ رہا ہوں ۔ کراچی کی طرح لاہور میں بھی تاریخی احتجاج ہو گا ۔ عمران خان نے کہا کہ 2013 ء کا الیکشن کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کڑا احتساب کریں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے کراچی میں زبردستی دکانیں بند نہیں کرائیں ۔ عوام نے از خود کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند کیا ۔ میں معذرت چاہتا ہوں کہ آج احتجاج کی وجہ سے کراچی والوں کو تکلیف اٹھانی پڑی ۔

لیکن آزادی کے لیے قربانی دینا پڑتی ہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جوڈیشل کمیشن کے ذریعہ دھاندلی میں ملوث عناصر کو سزائیں دلوائی جائیں گی کیونکہ شفاف انتخابات بھی اصل جمہوریت کی ضمانت ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ حکمران موٹر وے اور میٹرو بس منصوبوں پر اربوں روپے ضائع کر رہے ہیں اور ان منصوبوں کے بجائے اگر تعلیم ، سحت ، روزگار ، پینے کے صاف پانی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اگر یہ پیسہ خرچ کیا جاتا تو آج نیا پاکستان قائم ہوتے ہوئے نظر آتا ۔

انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے تعاون نے کمیشن بنانے والوں کا بھی احتساب کریں گے اور ملکی دولت لوٹنے والوں سے پیسہ واپس لے کر عوام پر خرچ کیا جائے گا ۔ عمران خان نے اپنی تقریر کے آخر میں گو نواز گو کے نعرے لگوائے ۔ نرسری پر ہونے والے دھرنے میں عمران خان کا تاریخی استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ دھرنے میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پارٹی ترانوں پر والہانہ رقص اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی ۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کراچی والوں کا تاریخی احتجاج منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پنجاب میں بجلی بند کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اب لاہور میں تحریک انصاف کا تاریخی احتجاج ہو گا اور حکمران دیکھ لیں گے کہ لاہور والے بھی عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ آرام کی نیند سونے کے لیے ضروری ہے کہ گونواز گو کا نعرہ لگایا جائے کیونکہ یہ ایک عوامی نعرہ بن گیا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات