غنڈہ گردی اور قتل و غارت گری کی سیاست پر یقین ر کھتا ہوں نہ ہی سانحہ فیصل آباد کی کسی بھی سازش اور منصوبہ میں شامل ہوں،عابد شیر علی،

اگر کبھی بھی میرا اس سانحہ میں ملوث ہونا ثابت ہوجائے تو ہر قسم کی سزا بھگتنے کو تیار ہوں اور سیاست کو بھی خیر بادکہہ دونگا ۔ میڈیا سے بات چیت عابد شیر علی نے ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل کے ہمراہ تھانہ سمن آباد میں سانحہ فیصل آباد میں جاں بحق ہونے والے حق نواز قتل کے مقدمہ میں تفتیشی افسر کو اپنا بیان قلمبند کرایا

جمعہ 12 دسمبر 2014 18:55

غنڈہ گردی اور قتل و غارت گری کی سیاست پر یقین ر کھتا ہوں نہ ہی سانحہ ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر 2014ء ) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی غنڈہ گردی اور قتل و غارت گری کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور نہ ہی سانحہ فیصل آباد کی کسی بھی سازش اور منصوبہ میں شامل ہیں اگر کبھی بھی میرا اس سانحہ میں ملوث ہونا ثابت ہوجائے تو ہر قسم کی سزا بھگتنے کو تیار ہوں اور سیاست کو بھی خیر بادکہہ دونگا ۔

عابد شیر علی نے یہ بات ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل کے ہمراہ تھانہ سمن آباد میں سانحہ فیصل آباد میں جاں بحق ہونے والے حق نواز قتل کے مقدمہ میں شامل تفتیش کے دوران بتائی عابد شیر علی اور میاں طاہر جمیل نے تفتیشی افسر کو اپنا بیان قلمبند کرایا اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم قانون اور جمہوریت کی پاسداری پر مکمل علمدرآمد کرتے ہیں جبکہ ہمارے قائد میاں نواز شریف کی سختی سے ہدایت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا کوئی بھی کارکن قانون کی خلاف ورزی نہ کرے اور نہ ہی وہ قانون کو ہاتھ میں لے ہم گلو کریسی سیاست کے سخت خلاف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ایف آئی آر کے مطابق جس میں کہا گیا ہے کہ فیصل آباد میں ہونے والے قتل کی سازش رانا ثناء اللہ کے ڈیرے پر عابد شیر علی اور دیگرممبران اسمبلی کے علاوہ ڈی سی او نور الامین کی موجودگی میں تیار کی گئی الزام جھوٹا ہے اگر ثابت ہوجائے کہ میں گزشتہ تین سال کے دوران یہ بات کبھی بھی ثابت ہوجائے کہ میں اور میاں طاہر جمیل ایم پی اے رانا ثناء اللہ کے ڈیرے یاان کی رہائش گاہ پر گئے ہو تو میں ہر قسم کی ذمہ د اری قبول کرنے کیلئے تیار ہوں اور میں اور میرا خاندان سیاست سے بھی کنارہ کش ہوجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا وطیرہ الزام تراشی اور گالی گلوچ بن چکا ہے مجھے اور میرے دیگر ساتھیوں کوعمران خان اور تحریک انصاف کے مرکزی عہدیداروں نے نہ صرف گالیاں دی بلکہ مجھے اور میرے خاندان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں مگر ہم نے برد باری کامظاہرہ کیا فیصل آباد کے تاجر اور مسلم لیگی کارکن کبھی بھی ہنگامہ آرائی نہیں چاہتے او اپنے شہر کا امن تباہ نہیں کرنا چاہتے انہوں نے کہا کہ آٹھ دسمبر کو فیصل آباد کے تاجروں کے متفقہ فیصلے کے مطابق دن گیارہ بجے تک کاروبار اور شہر کھلا تھا مگر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تحریک انصاف کے کارکن جو ٹولیوں کی شکل میں آئے اور مسلح تھے انہوں نے نہ صرف دکانوں کی توڑ پھوڑ کی بلکہ کئی مقامات پر رات کے وقت دکانوں کے تالوں میں ایلفی ڈال کر تالے جام کردیئے ٹائر جلا کر اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے شہریوں میں خوف وہراس پھیلانے کی کوشش کی جو واقعہ ناولٹی چوک میں پیش آیا وہ بھی ایک سازش کانتیجہ تھا اوراس میں کالعدم تنظیموں کے کارکن گھسے ہوئے تھے میرے خدشے کے مطابق یہ تمام کارروائی کا نتیجہ تھا میں حلفاً ہر جگہ کسی بھی عدالت میں ہر قسم کی صفائی دینے کیلئے تیار ہوں کبھی بھی میرا اس سانحہ میں شامل ہونا یا رانا ثناء اللہ کے ڈیرے پر پلاننگ کرنا ثابت ہو جائے تو سرعام پھانسی دے دی جائے ۔