وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید کی ملاقات،

وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے آزادکشمیر کے لیے ایجوکیشن اور ہیلتھ پیکج ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ ،بجلی ٹیرف، نیلم جہلم ہائیڈل معاہدہ، متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔، آزادکشمیر میں تعلیمی پیکج کے متعلق پاکستان فنانس ڈویژن میں لگی پابندی ہٹا کر فنڈز جاری کرنے،ہیلتھ پیکج کے لیے فنڈز دینے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے، منگلا ریزنگ منصوبہ کے متاثرین کے زیر التواء مسائل اور بجلی ٹیرف کے ایشوز حل کرنے پر اتفاق، وزیراعظم نواز شریف کا دسمبر کے آخر میں آزادکشمیر کا دورہ کرنے پر بھی اتفاق، آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں وزیراعظم پاکستان کی دلچسپی لینے سے تمام ترقیاتی مسائل حل ہوں ،گے،آزادخطہ میں ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔چوہدری مجید

جمعرات 11 دسمبر 2014 23:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء) وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے آزادکشمیر کے لیے ایجوکیشن اور ہیلتھ پیکج ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ ،بجلی ٹیرف، نیلم جہلم ہائیڈل معاہدہ، متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔جمعرات کے روز وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر چیف سیکرٹری آزادکشمیر عابد علی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے وزیراعظم پاکستان کو متاثرین منگلاڈیم ،قومی تعلیمی پالیسی کے تحت ایجوکیشن پیکج،صحت کے شعبہ میں سہولیات میں اضافہ کے لیے ہیلتھ پیکج ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بجلی کے نرخوں میں اضافہ کے بقایا جات موخر کرنے ،نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کا واپڈا کے ساتھ معاہدہ اور واٹر یوزز چارجز،خیبر پختوانخواہ کے برابر کرنے سمیت مختلف مسائل کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سے آزادکشمیر میں تعلیمی پیکج کے متعلق پاکستان فنانس ڈویژن میں لگی پابندی ہٹا کر فنڈز جاری کرنے،ہیلتھ پیکج کے لیے فنڈز دینے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے، منگلا ریزنگ منصوبہ کے متاثرین کے زیر التواء مسائل اور بجلی ٹیرف کے ایشوز حل کرنے پر اتفاق کیا وزیراعظم نواز شریف نے دسمبر کے آخر میں آزادکشمیر کا دورہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

جس کے دوران آزادکشمیر کے جملہ ایشوز پر تفصیلی جائزہ لے کر انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ وفاقی وزراء بھی ہوں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے آزادکشمیر کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں وزیراعظم پاکستان کی دلچسپی لینے سے تمام ترقیاتی مسائل حل ہوں گے اور آزادخطہ میں ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کی ترقی ،سلامتی اور دفاع،منگلا ڈیم ،نیلم جہلم ہائیڈل منصوبوں کی تکمیل کے لیے قربانیاں دیتے رہیں گے