ریکوڈک منصوبے پر ڈیل کا تاثر یکسر غلط ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 11 دسمبر 2014 19:05

ریکوڈک منصوبے پر ڈیل کا تاثر یکسر غلط ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے پران کی جانب سے کسی بھی ڈیل کا تاثر یکسر غلط ہے،یہ تو بہت بڑا منصوبہ ہے، وہ تو صوبے کا ایک پتھر بیچنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے کوئٹہ میں صحافیوں کو بریفنگ دی ۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی سات رکنی ٹیم اس منصوبے پر کام کرنے کے ٹیتھیان کاپر کمپنی کے دعوے کےخلاف پیرس میں عالمی ثالثی عدالت میں پیش ہوئی تھی۔ اگرچہ یہ معاملہ اسی عدالت میں ہے تاہم جج نے یہ مسئلہ عدالت سے باہر حل کرنے کی سفارش کی ہے ۔ حکومت اس پر جو بھی فیصلہ کرے گی وہ ملک اور بلوچستان کے بہترین مفاد میں ہوگا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں ڈیل کا الزام لگاکر ان کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی ہے ۔

انہوں نے بےبنیاد الزام لگانے پر ایک نجی ٹی وی کے اینکر کے خلاف قانونی کاروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے پر ٹیتھیان کاپر کمپنی کے ساتھ فی الحال بات چیت جاری رہے گی ۔ کمپنی پر واجبات کا دعویٰ بھی برقرار ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ جتنی جلد ممکن ہو ریکوڈک منصوبے پر کام شروع کردیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :