Live Updates

عابد شیر علی نے پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان کی داعش قرار دیدیا،

انارکی ‘ معیشت کا قتل اور پر امن شہروں کا امن برباد کرنا ان کا ایجنڈا ہے‘ مذاکرات کے دروازے آج بھی کھلے ہیں عمران خان کا پلان سی لاشیں گرانا ہے، ایف آئی آر کٹنے پر جمعہ کو تھانہ سمن آباد میں پیشی دوں گا ‘ قاتل کو دو دنوں میں گرفتار کرکے قوم کے سامنے پیش کریں گے، ہنگامی پریس کانفرنس

بدھ 10 دسمبر 2014 23:31

عابد شیر علی نے پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان کی داعش قرار دیدیا،

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان کی داعش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے اندر انارکی ‘ معیشت کا قتل اور پر امن شہروں کا امن برباد کرنا ان کا ایجنڈا ہے‘ مذاکرات کے دروازے آج بھی کھلے ہیں عمران خان کا پلان سی لاشیں گرانا ہے‘ فیصل آباد کے اندر ایف آئی آر کٹنے پر میں جمعہ کو تھانہ سمن آباد میں پیشی دوں گا ‘ تحریک انصاف کے کارکن کی ہلاکت پر دل خون کے آنسو روتا ہے ‘ قاتل کو دو دنوں میں گرفتار کرکے قوم کے سامنے پیش کریں گے۔

بدھ کو یہاں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف داعش کے نقش قدم پر چل رہی ہے وہ ملک کے اندر انارکی ‘ معیشت کا قتل اور پر امن شہروں کو کا سکون برباد کرنے کیلئے اپنے مذموم عزائم کو پلان سی کی شکل میں لارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جس کے سربراہ عمران خان شیخ رشید جیسے گھٹیا شخص کے مشورے پر عمل کررہے ہیں شیخ رشید نے پہلے پرویز مشرف کو ڈبویا اب وہ عمران خان کا بیڑا غرق کررہا ہے۔

فیصل آباد کے واقعہ پر انتہائی افسوس ہے ۔ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب انتظامیہ نے پولیس کو غیر مسلح کردیا تھا۔ پر امن شہر کے اندر سب سے پہلے پی ٹی آئی کے غنڈوں نے پتھراؤ کیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کو سیاسی ٹول بنا کر ہمارے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ قتل ہونے والے کارکن کے جنازے پر تحریک انصاف کا کوئی بھی لیڈر نہیں آیا ہم قاتل کو نہیں چھوڑیں گے۔

انتظامیہ نے قاتل کی تصویر کو نادرا میں تصدیق کیلئے بھیج دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ من گھڑت جھوٹ بول کر ن لیگ کے کارکنوں پر ایف آئی آریں کاٹی جارہی ہیں قتل کہیں اور ہوتا ہے اور ایف آئی آر ہمارے اوپر کاٹی جاتی ہے ۔ رات کوکنٹینر پر بک بک کرتے ہیں اور مسلح افواج اور دیگر اداروں کا مذاق اڑاتے ہیں عمران خان نے کہا تھا کہ اگر وہ وزیراعظم ہوتا تو وزیرستان میں کبھی بھی فوج نہیں بھیجتا ۔

میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ ہم ملک کو دہشت گردوں کا رحم و کرم پر چھوڑ دیتے۔ آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ کرنا ان کو ہضم نہیں ہورہا ۔ وزیراعظم کی جانب سے بیس روپے پٹرول سستا کیا گیا اور آنے والے وقت میں بجلی کا بحران بھی ختم کریں گے۔ چین کے ساتھ اقتصادی راہداری بھی ان کو ہضم نہیں ہورہی۔ عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف کو ڈر ہے کہ اگر ہم ملک کے اندر اسی تیزی سے ترقیاتی کام کرواتے رہے تو اگلی باری عوام تحریک انصاف کو پھر مسترد کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے غیور عوام نے عمران خان کی کال کو مستردکردیا تھا کیونکہ عمران خان نے حواس باختہ ہوکر پر امن شہر پر چڑھ دوڑے۔ عمران خان کی جانب گالیاں اور مذاق اڑانے کی وجہ سے مذاکرات میں تاخیر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ابھی بھی مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں لیکن گالیاں اور مذاق اڑانے سے مذاکرات میں تاخیر ہورہی ہے ۔

عابد شیر علی نے کہا عمران خان کے جمہوری طریقے سے پارلیمنٹ کے اندر آکر مسائل کا حل تلاش کریں۔ ہمیں آئینی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ پورا پاکستان ہماری طرف دیکھ رہا ہے۔ سیاسی رویوں کو ٹھیک کرنا ہوگا جبکہ قانون سختی سے عمل کرے گا تو یہی عمران خان اعتراض کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دہشت گردی کے ساتھ نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جو کہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ لاہور کے تاجروں نے حکومت سے تحفظ مانگا ہے جس کیلئے حکومت جلد ہی لاہور میں ہونے والی عمران خان کی ہڑتال کے متعلق تمام حکمت عملی سامنے لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے درخواست ہے کہ مزید لاشیں گرانے کی سیاست نہ کریں اس سے پاکستان اور جمہوریت کو خطرہ ہوگا اور ایسی روایت قائم نہ کریں جس کی وجہ سے آنے والی حکومتیں بھی حکومت نہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان علمائے کرام پر الزامات نہ لگائیں ان کے خلاف غیر مناسب زبان استعمال نہ کریں ۔ مولانا فضل الرحمن کے خلاف غیر زبان استعمال نہ کریں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی لمبی عمر کیلئے دعا گو ہیں اگلے الیکشن کیلئے اگر ان کی عمر کی حد گزر گئی تو کسی اور وزیراعظم بنادیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات