سیکولر قوتوں کا راستہ روکنے اوراسلامی نظام کے نفاذ کیلئے آئینی اور قانونی جدوجہدکی جائے گی

مجلس علماء اسلام پاکستان کا اعلان، 73ء کے آئین کی اسلامی دفعات پرعملدرآمدکیلئے حکمرانوں اور پارلیمانی جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا،مرکزی رہنماؤں کاتقریب سے خطاب

بدھ 10 دسمبر 2014 22:06

ملتان (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) مجلس علماء اسلام پاکستان نے اعلان کیاہے کہ سیکولر قوتوں کا راستہ روکنے اوراسلامی نظام کے نفاذ کیلئے آئینی اور قانونی جدوجہدکی جائے گی، 73ء کے آئین کی اسلامی دفعات پرعملدرآمدکرواتے ہوئے قرآن وسنت کے عملی نظام کے نفاذ کیلئے حکمرانوں اور پارلیمانی جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مجلس علماء اسلام پاکستان کے امیر ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، رابطہ کمیٹی کے سربراہ امیرمجلس احراراسلام مولانا عطاء المومن شاہ بخاری، مجلس ختم نبوت کے رہنما مولاناعبدالمجیدلدھیانوی،جے یو آئی س کے رہنمامولانا بشیر شاد، مولانا عبدالرؤف فاروقی،جے یو آئی ف کے رہنمامولانامحمدیوسف خان ،حافظ حسین احمد ،جامعتہ الرشید کراچی کے شیخ الحدیث مفتی محمد ، اہل سنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی ، قاری حنیف جالندھری، ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں،سید کفیل بخاری، جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی کے مفتی امداد اللہ، نے ملتان میں ایک تقریب میں کیا، انہوں نے کہا کہ مجلس علماء اسلام میں شامل ہر جماعت 8 نکاتی ایجنڈے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی، سیکولر ازم کی حامی جماعتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے علماء کرام موثر انداز میں کردار ادا کریں گے، ان رہنماؤں نے کہا کہ مجلس علماء اسلام 15 جنوری کو کراچی میں جلسہ عام کے بعد ملک گیر رابطہ مہم شروع کرے گی اور جلسوں کا بھی شیڈول دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ جید علماء ومشائخ عظام کی سرپرستی میں مجلس علماء اسلام اعلیٰ اغراض ومقاصد کیلئے پرامن تحریک کا دائرہ کار وسیع کرے گی، دیگر مسالک کے علماء اور رہنماؤں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا، مجلس علماء اسلام نے ماورائے آئین دینی کارکنوں کے قتل پر احتجاج اور ڈاکٹر خالد محمود سومرو سمیت دیگر علماء کے قتل کی مذمت، قاتلوں کی فوری گرفتاری، اور علماء کرام کے تحفظ کا مطالبہ کیا، تقریب میں مولانا زاہد الراشدی، مولانااللہ وسایا،مولانا عبدالغفار تونسوی، مولانا محمد طیب طاہری،مفتی حبیب الرحمن درخواستی، مولانا زاہد اقبال، مولانا سید معاویہ شاہ بخاری، مولانا محمد عمر قریشی، مفتی محمد اعجاز، مولانا عبدالحئی،شبان احرارکے رہنماسیدعطاء اللہ ثالث،قاری جمیل الرحمان بہلوی،مولانامحمدعمرجھنگوی ،مولاناعبیداللہ احرار ودیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :