دھرنوں اور جلسوں میں عوامی مسائل کا حل ڈھونڈنے والوں کا عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ،شیر شاہ خان ،

اسلام آباد اور تخت لاہور پر قبضہ کرنے کے لئے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال جاری ہے ، صدر اے این پی سوات

بدھ 10 دسمبر 2014 21:59

سوات ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء ) عوامی نیشنل پارٹی سوات کے صدر اور سابق ایم پی اے شیر شاہ خان نے کہا ہے کہ دھرنوں اور جلسوں میں عوامی مسائل کا حل ڈھونڈنے والوں کا عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ، اسلام آباد اور تخت لاہور پر قبضہ کرنے کے لئے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال جاری ہے ، سرکاری پروٹوکول کے ساتھ حکومت مخالف جلسوں میں شرکت کہاں کا انصاف ہے ، خود کو اصول پسند کہنے والوں نے اصولوں کا جنازہ نکال دیا ہے ، نیا پاکستان کا خواب دیکھنے والوں نے خیبرپختونخوا کے لوگوں کے خوابوں اور امیدوں کو چکنا چور کردیا ہے بڑھتی ہوئی بیروزگاری، بد امنی اقربہ پروری اور معاشی عدم استحکام تبدیلی کے علمبرداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل دھرنوں اورجلسوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھاکر حل کئے جاسکتے ہیں دھرنوں اور جلسوں میں عوامی مسائل کا حل ٹھونڈنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں اصولوں کی بات کرنے والوں نے صوبہ پختونخوا کے سرکاری وسائل سیاسی جلسوں پر بے دریغ استعمال کرکے اصولوں کاجنازہ نکال دیا ہے اور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ مرکزی حکومت مخالف جلسوں میں وزیراعلیٰ اور وزراء کی شرکت انصاف کے منافی ہے ، انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام کومسائل اور مشکلات کے دلدل میں چھوڑنے والوں ک و عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔