دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے خیبرپختونخوا کاکردارمثالی ہے،پرویزخٹک،

بہتر کارکردگی ،عوام کی جان ومال اور عزت و آبرو کا تحفظ یقینی بنانے کی شرط پر پولیس فورس کو درکار تمام سہولیات کی فراہمی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا ایلیٹ پولیس سنٹر کی تعمیر کیلئے امریکی ادارہ برائے انسداد منشیات نے 9 ملین ڈالر کی اعانت کی ، ناصر خان درانی ، سوات میں پولیس لائنز کی تعمیر، جدید گاڑیوں، ریڈیوز، جاسوسی وحفاظتی آلات کی فراہمی شامل بھی جلد کی جائیگی،آئی جی خیبرپختونخوا

بدھ 10 دسمبر 2014 21:15

دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے خیبرپختونخوا کاکردارمثالی ہے،پرویزخٹک،

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے دہشت گردی پر قابوپانے اور امن و امان کی بہتری میں خیبرپختونخوا پولیس کے کردار اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے اسے زیادہ خودمختار اور مضبوط ترین ادارہ بنانے اور اسکی آزادی کو آئندہ حکومتوں میں بھی برقرار رکھنے کیلئے اصلاحات کو قانونی تحفظ مہیا کرنے کا عزم دہرایا ہے انہوں نے نوشہرہ میں نئے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر کیلئے درکار 385 تربیتی افسران اوراہلکاروں کی آسامیوں کی فوری منظوری دینے کے علاوہ اسکے تدریسی عملے کیلئے 40 فیصد خصوصی الاؤنس دینے کی درخواست بھی قبول کی ہے اسی طرح انہوں نے اسکے اگلے مرحلے کیلئے جدید سازو سامان کی فراہمی کیلئے فراخدلانہ فنڈز دینے کا یقین بھی دلایا انہوں نے واضح کیا کہ بہتر کارکردگی اور عوام کی جان ومال اور عزت و آبرو کا تحفظ یقینی بنانے کی شرط پر پولیس فورس کو درکار تمام سہولیات کی فراہمی سے دریغ نہیں کیا جائے گا وہ نوشہرہ کے علاقے حکیم آباد میں امریکی تعاون سے قائم جائنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جس سے امریکی محکمہ خارجہ کے معاون سیکرٹری اور امریکی ادارہ برائے انسداد منشیات و نفاذ قانون کے سربراہ ویلیم آر براؤن فیلڈاور انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی اہمیت پر روشنی ڈالی براؤن فیلڈ نے خیبرپختونخوا پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک مستحکم ادارہ بنانے اور عوام دوست پولیس اصلاحات متعارف کرنے پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی دل کھول کر تعریف کی اور انہیں زیرک سیاستدان و حکمران قرار دیاانہوں نے دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس بہادر پولیس فورس کیلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا اور کہا کہ ایلیٹ پولیس سنٹر کی تعمیر کیلئے امریکی ادارہ برائے انسداد منشیات نے 9 ملین ڈالر(تقریباً ایک ارب روپے) کی اعانت کی جبکہ پولیس فورس کی استعداد بڑھانے کیلئے دیگر کئی سہولیات مہیا کیں جن میں سوات میں پولیس لائنز کی تعمیر، جدید گاڑیوں، ریڈیوز، جاسوسی وحفاظتی آلات کی فراہمی شامل ہیں جبکہ دیگر کئی شعبوں میں بھی معاونت کا سلسلہ جاری ہے تقریب میں دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ امریکی سفارتخانہ کے نگران تھامس ویلیمز، صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک نے بھی شرکت کی پرویز خٹک نے تربیتی مرکز میں شوٹنگ رینج، تربیتی ٹاؤرز، ٹیرر کمبیٹ کیلئے شیڈز، فرضی شہری و دیہی علاقوں کا ماحول قائم کرنے، ہیلی پیڈزاور بیرکوں سمیت جدید سائنسی تربیتی و حربی سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں سے سالانہ 600 پولیس اہلکاروں اور200 لیوی فورسزکی جدید تربیت ایک بڑا کام ہے جبکہ آئی جی پی کی طرف سے یہ تعداد دوہزار سالانہ تک پہنچانے کی یقین دہانی مزید خوش آئند بات ہے انہوں نے امن و امان کی بہتری میں صوبائی حکومت سے مالی تعاون پر امریکی ادارہ برائے انسداد منشیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس تربیتی مرکز کے دوسرے مرحلے کیلئے درکار اتنے ہی مالی وسائل کی فراہمی اور اس کی تکمیل کا وعدہ بھی اسی جذبے سے پورا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دیگر شعبوں کی طرح پولیس کو بھی سیاسی مداخلت اور کرپشن سے پاک ادارہ بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جبکہ اسکے افسران اور جوانوں نے دہشتگرداور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور بہتر کارکردگی کی وجہ سے عوام میں پولیس کا امیج مسلسل بہتر ہو رہا ہے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے مختصر عرصے میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے علاوہ کئی نئے تربیتی اور تفتیشی وانٹیلی جنس ادارے بنائے جسکی بدولت انہیں دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پولیس فورس کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنائیں گے اور اس مقصد کیلئے فنڈز کی فراہمی میں وسائل کی قلت کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا کیونکہ اتنے اہم اور حساس ادارے کیلئے آج کی سرمایہ کاری دراصل محفوظ مستقبل کی سرمایہ کاری ہے جبکہ اس ضمن میں ہم دوست ممالک کے تعاون کا بھی خیرمقدم کرینگے۔