اسلام مخلوق خدا کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،

مذہب ، رنگ ، نسل ، صوبائیت اور لسانیت کی بنیاد پر انسانوں کو حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے

بدھ 10 دسمبر 2014 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام مخلوق خدا کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے ۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا خطبہ حجتہ الوداع مخلوق خدا کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے ۔ یہ بات انہوں نے انسانی حقوق کے موضوع پر ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کے احترام کا جو درس دین اسلام نے دیا ہے آج ہم اسے بھولتے چلے جا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج انسان ، انسان کے ہاتھوں مشق ستم بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے صرف انسانوں کے ہی نہیں اللہ کی تمام مخلوق کے حقوق کے تحفظ کا حکم دیا ہے اور آج اس حکم کے عملی نفاذ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم دور جاہلیت کی طرف بڑھ رہے ہیں اور دور جاہلیت کی طرح ہی بیٹی پیدا ہونے پر ماں اور بیٹی کو قتل کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

مذہب ، رنگ ، نسل ، صوبائیت اور لسانیت کی بنیاد پر انسانوں کو حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ جبکہ اسلام انسانیت کو مذہب ، رنگ ، نسل اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر انصاف فراہم کرنے کا حکم دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے محراب و منبر کے وارثوں کو بھی میدان میں نکلنا چاہیے ۔ مساجد سے حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی طرف بھی توجہ دلائی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ مذہب کے نام پر انتہاء پسندی کا رونا رونے والے اب سیاسی انتہاء پسندی کو فروغ دے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں برداشت اور رواداری کے رویے ختم ہو رہے ہیں اور عدم برداشت اور عدم رواداری کے رویوں کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق پر لیکچر تو اچھی بات ہے لیکن جب تک عملی طور پر انسانیت کو اس کے حقوق نہیں ملیں گے اس وقت تک انسانی حقوق کے نام پر سیمیناروں ، کانفرنسوں کا فائدہ نہیں ہو گا۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے ہمیشہ انسانیت پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے اور پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان کے تحت 70 ہزار سے زائد ملک بھر کی مساجد میں اور ہزاروں مدارس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خطبہ حجتہ الوداع کی روشنی میں انسانیت کے احترام اور خلق خدا کی خدمت پر بات ہو رہی ہے اور انشاء اللہ پاکستان علماء کونسل اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھے گی۔سیمینار سے مولانا حافظ محمد امجد ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا انوار الحق مجاہد ، مولانا عمار بلوچ ، مولانا عبد الحمید صابری اور دیگر نے خطاب کیا۔