Live Updates

اوکاڑہ کے سابق تحصیل ناظم پی ٹی آئی میں شامل ، مذاکرات شروع کرنے کا عندیہ ، فیصل آباد فائرنگ کا ملزم ماردیئے جانے کاخدشہ ہے: عمران خان

بدھ 10 دسمبر 2014 16:08

اوکاڑہ کے سابق تحصیل ناظم پی ٹی آئی میں شامل ، مذاکرات شروع کرنے کا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فیصل آباد میں کارکنان پر گولیاں چلانے والے ملزم کوماردیے جانے کے خدشہ کا اظہار کردیاجبکہ اوکاڑہ کے سابق تحصیل ناظم راﺅ محمد جمیل اختر نے تحریک انصاف میں شمولیت کااظہار کردیا۔ عمران خان نے ایم کیوایم کے کارکن کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مذاکرات شروع کرنے کا عندیہ دیدیا۔

بنی گالہ میں راﺅ جمیل اختر اورشاہ محمودقریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کاکہناتھاکہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے ، اطلاع ملی ہے کہ فیصل آباد میں کارکنان پر گولیاں چلانے والا شخص پولیس کی حراست میں ہے اور خدشہ ہے کہ ملزم کو پولیس مقابلے میں مار نہ دیاجائے تاکہ کسی کا نام سامنے نہ آئے ۔

(جاری ہے)

عمران خان کاکہناتھاکہ پہلی مرتبہ تحریک انصاف کو تشدد کانشانہ نہیں بنایاگیا، اس سے پہلے گوجرانوالہ میں بھی کارکنان پر فائرنگ کی گئی ، ساری دنیا نے دیکھاکہ کون گولیاں چلارہاہے لیکن مقدمہ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کیخلاف مقدمہ کرادیاگیا، اب یہ بھی کہاجارہاہے کہ عمران خان کو لاشوں کی سیاست چاہیے ، مقدمات اورتشددکے بعد مذاکرات نہیں ہونے چاہیں لیکن وہ پھر بھی تیارہیں ، جہاں سے مذاکرات کا سلسلہ ٹوٹاتھا، وہیں سے شروع کریں ، صرف معاملہ دھاندلی کی تحقیقات کے قواعدوضوابط پر اٹک گیاتھا،وہ واضح کرناچاہتے ہیں کہ احتجاج کا سلسلہ آگے بڑھا تو حکومت کے لیے نظام چلانا مشکل ہوجائے گا۔

اُن کاکہناتھاکہ اے این پی نے بھی دھاندلی کا الزام لگایااور وہ دعوت دیتے ہیں کہ اے این پی دھاندلی کی تحقیقات کرائے ، پی ٹی آئی کا کوئی بھی بندہ سٹے آرڈر نہیں لے گااور وہ تیار ہیں ۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے سیالکوٹ میں ایم کیوایم کے کارکن کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ ذمہ داران کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایاجائے ۔ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ کسی بھی شرط کے تحت مذاکرات نہیں کریں گے اوربتایاکہ مسزراﺅسکندر اقبال اور ملک محمد اکرم نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیاہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات