شہریوں کو لوٹنے والے پولیس اہلکار علی رضا، انار اور فیصل کی معطلی خوش آئند لیکن ناکافی ہے : پاسبان

جمعہ 5 دسمبر 2014 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر 2014ء) پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل نے کہا ہے کہ سہراب گوٹھ کے رہائشیوں کو گھروں سے لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی اشیاء سمیت اٹھا کراور حبس بے جا میں رکھ کر لاکھوں روپے رشوت طلب کرنے والے SSPراؤ انوار کی ٹیم کے پولیس اہلکار علی رضا، انار اور فیصل کی معطلی اگر چہ خوش آئند ہے لیکن اغواء برائے تاوان اور ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کرکے قانون کی گرفت میں لے کر قرار واقعی سزا دیناا نتہائی ضروری ہے۔

پاسبان گڈاپ ٹاؤن کے صدر عتیق الرحمن، جنرل سیکریٹری حسن مغل اور سہراب گوٹھ کے علاقہ مکینوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں سہراب گوٹھ کے عالم دین قاری امان اللہ کو اور 29نومبر کومویشیوں کے تاجر محب اللہ کو ان کے گھر جنگ آباد سے اٹھا کر لاکھوں روپے نقد اور قیمتی اشیاء انار، فیصل اورعلی رضا نامی پولیس اہلکاروں نے لوٹ لی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پولیس اہلکار لوٹ مار اور اغواء کے بعد اہلخانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر خاموش رہنے پر مجبو رکرتے ہیں ۔ پاسبان ہیلپ لائن نے گورنر ، وزیر اعلیٰ سندھ اور پولیس کے اعلیٰ حکام کو بروقت خطوط ارسال کرکے تمامترصورتحال سے آگاہ کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکار بے گناہ شہریوں کو اغواء کرکے تاوان طلب کرتے ہیں ۔

گھروں سے نقدی اور قیمتی اشیاء لوٹ کر جاتے ہیں محکمہ پولیس کو ایسی کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ضروری ہوگیا ہے تاکہ شہریوں کی جان ، مال ، عزت و آبرو محفوظ رہ سکیں۔سہراب گوٹھ افغان مہاجر کیمپ میں مقیم لوگوں نے شیخ محمد شکیل کو افغان رفیوجی سیل کی جانب سے ڈی آئی جی پولیس، ایسٹ زون کراچی کو جاری کردہ لیٹر کی فوٹو کاپی دے کر بتایا کہ ہم نے آج کراچی پریس کلب پر احتجاج کرکے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے محب اللہ کے گھر پر ڈکیتی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے کاروائی کی جائے اور سہراب گوٹھ کے رہائشیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

شیخ محمد شکیل نے گورنر وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ صاف اور شفاف انکوائری کے لئے SSPملیر راؤ انوار کو ان کے عہدے سے برطرف کرکے کسی دیانتدار افسر کو متعین کیا جائے تاکہ مظلوموں کو انصاف مل سکے ۔

متعلقہ عنوان :