ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا وزیر تجارت کے پورٹس،ائرپورٹس اور ڈرائی پورٹس پر برآمدی کارگو کی چیکنگ کیلئے سکینرز کی تنصیب کے اعلان کا خیر مقدم

بدھ 3 دسمبر 2014 23:32

سمبڑیال(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء)ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر فضل جیلانی نے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی جانب سے پاکستان بھر کی تمام پورٹس،ائرپورٹس اور ڈرائی پورٹس پر برآمدی کارگو کی چیکنگ کیلئے سکینرز کی تنصیب کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے برآمد ی مال کی پیکنگ کھولے بغیر چیکنگ ممکن ہو سکے گی۔

صدر چیمبر نے وفاقی وزیر برائے تجارت کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سکیننگ مشینوں کی تنصیب سے پہلے برآمدی مال کی چیکنگ کیلئے محکمہ انٹی نارکوٹکس فورس پیکنگ کھول کر اس کا معائنہ کرتا تھے جس کی وجہ سے مال کی کمی اور خرابی کی شکایات عام سننے کو ملتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی مال کی کوالٹی کے ساتھ ساتھ اس کی پیکنگ بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے مگر محکمہ ANFکے پاس مال کی ری پیکنگ کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے برآمد کنندگان کو غیر ملکی گاہک کی جانب سے بہت سی شکایات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

(جاری ہے)

یقینا ان سکینرز کی تنصیب کے بعد برآمد کنندگان کو کافی ریلیف حاصل ہو گا۔صدر چیمبر نے وفاقی وزیر تجارت کا برآمد کندگان کے زیر التواء حکومت کے ذمہ واجب الادا سیلز ٹیکس ریفنڈز اگلے مہینہ ادا کرنے اور تمام برآمدات پر سیلز ٹیکس زیرو ریٹنگ کا نظام متعارف کروانے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایکسپورٹر ز کے بہت سے مالی مسائل حل ہو جائیں گے۔

سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی اور زیرو ریٹنگ کا فیصلہ ملکی برآمدات کے فروغ میں ایک اہم قدم ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ چیمبر عرصہ دراز سے حکومت سے درخواست کرتا رہا ہے کہ حکومت برآمدکنندگان کیلئے برآمدات پر زیرو ریٹنگ کا نظام متعارف کروائے کیونکہ برآمدکنندگان کا سرمایہ بلاجواز رکا رہنے سے بہت سے مالی مسائل کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی زیر قیادت ملکی کاروباری برادری بالخصوص ملکی برآمدات کو بڑھانے میں مثبت اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اپنے ان فیصلوں کو بلا تاخیر عملی جامہ پہنانے کیلئے ضروری اقدامات کرے تاکہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے یورپ کی جانب سے GSPپلس سکیم کے تحت ملنے والی مراعات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔