پاکستان بند کرنے کی باتیں مناسب نہیں، مذاکرات سے انکار نہیں: وزیر اعظم نواز شریف

منگل 2 دسمبر 2014 19:37

پاکستان بند کرنے کی باتیں مناسب نہیں، مذاکرات سے انکار نہیں: وزیر اعظم ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2دسمبر۔2014ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنے دینے والے جلسوں کے بعد اب ملک کو بند کرنے کی باتیں کر رہیں جو کہ ہر گز مناسب نہیں ہے، اللہ دھرنے دینے والوں کو ہدایت دے کیونکہ ہمیں پاکستان کی ترقی بہت عزیز ہے۔ وزیر اعظم افغان کانفرنس میں شرکت کیلئے برطانیہ پہنچے تو میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے ساتھ پہلے بھی مذاکرات کئے تھے اور آئندہ بھی کریں گے، ہم نے تو مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا مگر واضح ہو گیا ہے کہ اب جھوٹ کی سیاست نہیں چل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے تسلیم کیا کہ وہ خیبر پختونخواہ حکومت کا ہیلی کاپٹر اور ڈیزل استعمال کرتے ہیں، عوام نے ان کو خدمت کرنے کیلئے ووٹ دیا ہے تو عمران خان خیبر پختونخواہ میں نیا پاکستان بنا کر دکھائیں ، انہیں عوام نے دھرنے کیلئے ووٹ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کی درخواست پر کچھ عرصہ پہلے ان کے گھر بھی گیا تھا جہاں ان سے مثبت بات چیت ہوئی، اس سے پہلے جب میں ہسپتال میں ان کی عیادت کرنے گیا تو انہوں نے انتخابات میں کامیابی پر مجھے مبارکباد بھی دی تھی مگر پھر اچانک وہ مجھ پر تنقید کرنے لگے۔

وزیر اعظم نے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اپوزیشن لیڈر سے مثبت بات چیت ہو رہی ہے اور یہ فیصلہ بھی جلد کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا سب سے اہم سرمایہ ہیں جوملک کی سرمائے کا بڑا حصہ بھیجتے ہیں۔