پی پی ایچ آئی نے میڈیکل آفیسر تعینات کر دیا

پیر 24 نومبر 2014 23:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء)ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل میں پی پی ایچ آئی نے میڈیکل آفیسر تعینات کرکے اہم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ گذشت بیس سال سے پوری تحصیل ماشکیل میں کوئی بھی میڈیکل آفیسر ڈیوٹی دینے پر تیار نہیں تھے لیکن پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر واشک علی اکبر محمد حسنی کی ذاتی دلچسپی اور علاقے کے عوامی مطالبات کا مدنظر رکھ کر پی پی ایچ آئی بلوچستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راشد اور اس کی پوری ٹیم کے تعاون سے تحصیل ماشکیل میں میڈیکل آفیسر کی تعیناتی کو ممکن بنایا گیا تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

ضلع واشک کے ایران بارڈر پر منسلک تحصیل ماشکیل جو کہ عرصہ دراز سے میڈیکل آفیسر سے محروم تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو صحت کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔

(جاری ہے)

یہاں کے لوگ اپنے مریضوں کو دالبندین یا کوئٹہ لے جاکر علاج کرواتے تھے لیکن پی پی ایچ آئی کی عملی اقدامات کی وجہ سے بیس سال بعد یہاں میڈیکل آفیسر کی تعیناتی کو ممکن بنایا گیا۔

دریں اثناء ایم پی اے واشک صوبائی وزیر میرمجیب الرحمن محمد حسنی نے پی پی ایچ آئی کے اس اقدام کو سراہا جو بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اس علاقے میں کوئی ڈاکٹر آنے کو تیار نہیں تھا لیکن گذشتہ دنوں دورہ ماشکیل کے دوران عوامی حلقوں کا یہی مطالبہ تھا کہ دیگر شعبوں کی طرح صحت کے شعبے کے حوالے سے یہاں کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ جس پر علاقے کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جلد از جلد انہیں میڈیکل آفیسر کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس طرح پی پی ایچ آئی نے اس نیک کام کو سرانجام دے دیا جس علاقے کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔