Live Updates

وقت آ گیا کہ اپنے حقوق چھین لیں، 30 نومبر کو قوم کے حقوق کی جنگ، اس بار روکا گیا تو میں خود حکومت کا مقابلہ کروں گا: عمران خان کا گوجوانوالہ میں خطاب

اتوار 23 نومبر 2014 19:09

وقت آ گیا کہ اپنے حقوق چھین لیں، 30 نومبر کو قوم کے حقوق کی جنگ، اس بار ..

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری تحریک اس قوم کے حقوق کی جنگ ہے، وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے حقوق چھین لیں، نظام کی تبدیلی کی خواہاں سیاسی جماعتیں اور حکومتی مظالم سے تنگ عام شہریوں سمیت ساری قوم 30نومبر کے جلسے میں شرکت کرے، اس بار حکومت نے کارکنوں کو روکنے کی کوشش کی تو میں خود ان کا مقابلہ کروں گا، الیکشن کے فوری بعد انصاف مانگا مگر انصاف نہیں ملا ، اس حکومت کے مظالم کی ذمہ داروں ملکی اداروں پر ہے، آئندہ ہفتے پریس کانفرنس میں دھاندلی کے ثبوت بھی دکھائیں گےاور پھر سپریم کورٹ یا الیکشن کمیشن میں جائیں گے، آ ج صرف صحیح اور غلط کی سیاست باقی رہ گئی ہے اور اس کا فیصلہ 30 نومبر کو ہو گا۔

جناح سٹیڈیم میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ یہ نظام آ پ کو آپ کے حقوق نہیں دے گا، وقت آ گیا ہے کہ یہ قوم اپنے حقوق چھین لے، 30نومبر کو نہ صرف ہمارے نوجوان بلکہ پورے ملک کی خواتین بھی آئیں، پوری قوم اس ظالم نظام کے خلاف ، یہ آ پ کے حقوق کی جنگ ہے، اس جلسے پر نواز شریف اور نثار علی خان کو پیغام دیتا ہوں کہ اگر انہوں نے ہمارا پر امن احتجاج روکنے کی کوشش کی تو میں آ پ کا مقابلہ کروں گا، میرا صبر ختم ہو چکا ہے، اگر آ پ میرے کارکنوں پر ظلم کریں تو میں اس کا جواب دوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو حکومتیں دھاندلی کر کے اقتدار میں آ تی ہیں وہ عوام کی بہتری پر نہیں بلکہ لوٹ مار پر دھیان دیتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ عوام کی رائے کا ان پر کوئی اثر نہیں، بھارت میں کسان کی حالت کیوں بہتر ہے، کیونکہ وہاں جمہویت کا نظام نافذ ہے، پاکستان میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت چل رہی ہے جہاں بادشاہ کا بھائی وزیر اعلی ، بیٹی اربوں روپے کے فنڈ کی مالک ، سمدھی وزیر خزانہ اور اس کے بیٹے کاروبار کر رہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتے پریس کانفرنس کروں گا جس میں عوام کو بتائیں گے کہ کس طرح اور کتنی دھاندلی کی گئی، اس بار ہمارے ہاتھ پورے ثبوت لگ چکے ہیں، اس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے کہ ہم نے سپریم کورٹ جانا ہے یا پھر الیکشن کمیشن جانا ہے، 30نومبر کو ہونے والے جلسے میں ہر اس سیاسی جماعت کو دعوت دیتا ہوں جو موجودہ انتخابی نظام کو تبدیل کرنا چاہتی اور ہر وہ تنظیم اور شخص جو ظلم کے خلاف آواز اٹھانا چاہتا ہے وہ بھی ہمارے ساتھ شریک ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس قوم کے ساتھ ہونے والی نا انصافی پر آواز اٹھائی تو سیدھا سڑکوں پر نہیں آ یا بلکہ پہلے تمام اداروں کے پاس انصاف لینے گیا، مگر آ ج ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود انصاف نہیں ملا، میرا تمام اداروں سے سوال ہے کہ اگر دو سال بعد پتہ چلا کہ نواز شریف کی یہ حکومت ناجائز تھی جس نے اس ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا؟ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس تباہی کے ذمہ دار یہی ادرے ہوں گے جو آ ج خاموش بیٹھے ہیں۔

شرکاءسے خاطب میں انہوں نے کہا کہ اللہ بار بار قوموں کو اپنی حالت بدلنے کا موقع نہیںدیتا، قوموں کا اس سے فائدہ اٹھانا ہوتا ہے، آ پ کا کپتان کھڑا ہے، 102 روز سے دھرنا اپنے لئے نہیں عوام کے حقوق کے لئے اور اصلی جمہوریت کے لئے دے رہا ہوں، اب وقت آ گیا ہے کہ باقی دنیا کی طرح پاکستان بھی جمہوریت قائم کر کے ترقی کر جائے، خوشحال ہو جائے، میں یہ موقع ضائع نہیں کرنے دوں گا۔

21 نومبر کو ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ؒلاڑکانہ میں پہلے بھی بہت دفعہ گیا ہوں مگر جو جنون اس بار دیکھا پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا، پیپلز پارٹی جو بھٹو کے نام پر ووٹ لیتی ہے وہ آ ج زرداری کی پارٹی بن چکی ہے، بھٹو عظیم لیڈر تھے مگر آ ج آصف زرداری ان نام پر ووٹ لے کر ملک کو لوٹ لوٹ کر ارب پتی بن چکے ہیںاور لاڑکانہ کے لوگوں کو تو زرداری کا پتہ بھی نہیں ہے۔

کپتان نے کہا کہ گیارہ سال کی لڑکی صفیہ نے چند دن پہلے مجھے خط بھیجا کہ میں تمہارے لئے دعا کر رہی ہوں کہ اللہ تمہیں کامیاب کرے مگر جب تم اقتدار میں ہو گے اور اپنے وعدے پورے نہیں کرو گے تو میں تمہارے خلاف مظاہرے کروں گی، یہ قوم بیدار ہو چکی ہے تم نے اس کو دھوکا نہیں دینا ، میں اس قوم سے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ میں اپنے وعدے پورے کروں گاکیونکہ اس قوم کی اتنی کم عمر لڑکی بھی بیدار ہو چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جہلم میں مسلم لیگ ن کے عہدیدار کی طرف سے ہمارے نوجوانوں کو گولیاں ماری گئی تو میں ان کی عیادت کرنے ہسپتال گیا، میرے پہنچنے پر ان نوجوانوں نے ’گو نواز گو ‘ کے نعرے لگائے، یہ وہ بیداری ہے جو آ ج ہر پاکستانی کو اللہ نے عطا کی ہے ، ان سب کا مشن اس نظام کی رخصتی بن چکا ہے اور یہ اپنے حقوق چھین کر ہی رہیں گے۔ خطاب کے آ غاز پر ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کے نوجوانوں ، بزرگوں اور خاص طور پر عورتوں نے اتنی بڑی تعداد میں تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے یہ پوری طرح بیدار ہیں، انہیں اپنے حقوق کا علم ہو چکا ہے، میں شاندار استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اللہ کا کرم ہے کہ اب پوری قوم اس نظام کو رخصت کرنے کے لئے نکل آ ئی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :