Live Updates

عمران خان سے مذاکرات کیلئے بار بار رابطے کی کوشش کی گئی ‘ تحریک انصاف نے ہر مرتبہ نئی شرائط پیش کر دیں ‘پرویزرشید

ہفتہ 22 نومبر 2014 13:12

عمران خان سے مذاکرات کیلئے بار بار رابطے کی کوشش کی گئی ‘ تحریک انصاف ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سے مذاکرات کیلئے بار بار رابطے کی کوشش کی گئی ‘ تحریک انصاف نے ہر مرتبہ نئی شرائط پیش کر دیں ‘ پانچ مطالبات مانے جانے کا اقرار کر نے والے کہتے تھے ہمارا ایک بھی مطالبہ نہیں مانا گیا ‘ عمران خان جو ڈیشل کمیشن نہیں چاہتے ‘ مطالبات دھرنے کے ذریعے تسلیم کر وانا چاہتے ہیں ‘ عمران خان کے بچے باہر رہتے ہیں ‘ خود روزانہ پرائیویٹ جہازوں پر سفر کرتے ہیں ‘ عوام پوچھتے ہیں پیسہ کہاں سے آیا ؟۔

ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے جوڈیشل کمیشن کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے، اب عمران خان کو چاہئے کہ وہ اپنے مطالبات کیلئے سپریم کورٹ جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جوڈیشل کمیشن بنانے اور انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے کے مطالبات پورے کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے اگست میں سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا تھا وزیراعظم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ چیف جسٹس انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنائیں، اسی طرح انتخابی اصلاحات کیلئے ایک خط سپیکر کو بھی لکھا گیا تھا۔

حکومت نے اصلاحات کمیٹی میں شیخ رشید کی شمولیت کیلئے اپنے ارکان کی تعداد میں کمی کر دی تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کے بعد عمران خان کبھی کمیٹی کے پاس نہیں گئے ہم نے عمران خان سے مذاکرات کیلئے بار بار رابطے کرنے کی کوشش کی تاہم عمران خان نے ہر مرتبہ نئی شرائط پیش کر دیں جو قانون اور آئین سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ارکان کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن نہیں چاہتے بلکہ وہ وزیراعظم کا استعفیٰ چاہتے ہیں اور وہ اپنے مطالبات دھرنے کے ذریعے تسلیم کروانا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عدلیہ کے معزز ارکان پر عمران خان کے الزامات کے بعد سپریم کورٹ بڑی احتیاط سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالہ کا شہزادہ عمران خان 6 سو ایکڑ کے گھر میں رہتا ہے ایک جاگیردار کی طرح اپنی زمین سے 26 لاکھ روپے کماتا ہے اور اس کے بچے باہر رہتے اور باہر ہی پڑھتے ہیں اور وہ پرائیویٹ جہازوں میں سفر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کنٹینر پر اس جاگیردار کا ساتھ دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی، ماضی کے انتخابات میں انہیں صرف ایک سیٹ ملی جبکہ اس وقت انہوں نے 35 نشستیں جیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ پچھلی مرتبہ پی ٹی آئی نے اپنے وعدوں کو توڑا اور معاہدوں میں لکھی گئی جگہ چھوڑ کر وہ تخریب کاری پر آ گئے اور پارلیمنٹ، وزیراعظم ہاؤس اور پی ٹی وی پر حملہ کیا اب ایسا نہیں ہونے دینگے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مذاکرات کے دور ان تحریک انصاف کے ارکان کہتے تھے کہ ہمارا ایک بھی مطالبہ نہیں مانا گیا اب خود عمران خان کنٹینرپر کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ ہمارے پانچ مطالبات مان لئے گئے تھے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات